Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فنڈ کی جانب سے سری لنکا کے لیے آٹھ کروڑ ڈالر سے زائد کے منصوبے

سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاشکے اور سعودی فنڈ کے سی ای او سلطان المرشد نے وایمبا یونیورسٹی کے منصٓوبے کا سنگ بنیاد رکھا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے فنڈ برائے ترقی کی جانب سے سری لنکا کے لیے آٹھ کروڑ ڈالر سے زائد کے منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے جن میں سڑک کا منصوبہ بھی شامل ہے جس پر چھ کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔
عرب نیوز کے مطابق منصوبے کا افتتاح منگل کے روز کیا گیا۔ پیرادینیا سے بیدلا تک جانے والی سڑک کی تعمیر کے حوالے سے منصوبے کا مقصد ٹرانسپورٹ سیکٹر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے علاوہ حادثات میں اموات کو کم کرنا اور ٹریفک کے تعطل پر قابو پانا ہے، اس منصوبے سے 30 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔
یہ سڑک سری لنکا کے مشرقی اور جنوبی صوبوں اور دیگر علاقوں میں رابطے کا اہم ذریعہ ہے۔ اس سڑک کو زرعی پیدوار منتقل کرنے کے لیے بھی وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران سری لنکا کے وزیر برائے شاہرات جانسٹن فرنینڈو نے سعودی عرب کی جانب سے سری لنکا میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ان منصوبوں سے سماجی اور معاشی حالات میں بہتری آئے گی۔
تقریب کے دوران سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پکشے اور سعودی فنڈ کے سی ای او سلطان المرشد نے وایمبا یونیورسٹی ڈویلپمنٹ منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا جس کے لیے سعودی ترقیاتی فنڈ نے دو کروڑ 80 لاکھ ڈالر دیے ہیں۔
اس دوسرے منصوبے کا مقصد سالانہ طور پر 5000 طلبہ کو پڑھنے کی سہولت اور معیاری تعلیم کی فراہمی ہے جس سے سماجی و معاشی ترقی کی شرح بہتر ہو گی۔
اس موقع پر المرشد کا کہنا تھا کہ سعودی ترقیاتی فنڈ معیاری تعلیم کی فراہمی، کمیونٹی کی بہتری اور سماجی سرگرمیوں کو سپورٹ کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔

سڑک کی تعمیر کے منصوبے سے 30 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ فوٹو: ایس پی اے

انہوں نے مزید کہا کہ ’فنڈ چاہتا ہے کہ اس منصوبے کی بدولت شعبہ تعلیم مزید ترقی کرے اور یونیورسٹی کو اس قابل بنائے کہ وہ کولیاپیٹیا اور مکندورا کے علاقوں میں اپنی کمیونٹی کو سپورٹ کرے۔‘
سری لنکن وزیراعظم راجا پکشے نے جنوبی ایشیائی ممالک کے دورے کے دوران المرشد سے ایسے منصوبوں کے بارے میں بات چیت کی، جن کے لیے سعودی ترقیاتی فنڈ امداد فراہم کرتا ہے اور منصوبوں کی صورت حال کے حوالے سے آگاہ کیا۔
سری لنکن وزیراعظم نے ترقیاتی مقاصد کے لیے مملکت کی جانب سے ملنے والی امداد پر سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔
وفد نے مرگی کے ہسپتال کا دورہ بھی کیا جو 2017 میں کھولا گیا تھا اور جو سعودی فنڈ سے بننے والے منصوبوں میں سے ایک ہے، جس پر تین کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی لاگت آئی تھی۔
اسی طرح سعودی ترقیاتی فنڈ نے پانی، توانائی، صحت، سڑکوں اور صحت کے شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کے 13 منصوبوں کے لیے 15 قرضے فراہم کیے ہیں جن کی کُل مالیت چار سو 25 ملین ڈالر بنتی ہے۔

شیئر: