مشکل وقت میں مدد، وزیراعظم عمران خان کا سعودی ولی عہد کا شکریہ
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے مالی معاونت کرنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’پاکستان کے مرکزی بینک میں تین ارب ڈالر ڈپازٹ کرنے اور پٹرولیم کی مصنوعات کے لیے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے ذریعے پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ک شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا ’سعودی عرب نے ہمارے مشکل وقت میں ہمیشہ ہماری مدد کی ہے ، جیسا کہ آج جب کہ دنیا اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا کر رہی ہے۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ شوکت ترین نے سعودی عرب سے ملنے والی مالی معاونت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے سپیشل جگہ رکھتا ہے اور وزیراعظم بھی سپیشل جگہ رکھتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک معاشی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق سعودی ترقیاتی فنڈ غیر ملکی کرنسی کے محفوظ اثاثوں میں سپورٹ اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرائے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ترقیاتی فنڈ نے منگل کو بیان میں کہا ہے کہ ’شاہی ہدایت پر فنڈ سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرائے جائیں گے تاکہ غیر ملکی کرنسی کے محفوظ اثاثوں اور کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں پاکستانی حکومت درپیش مسائل کا سامنا کرسکے۔‘
سعودی ترقیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ ’شاہی ہدایت کے مطابق پاکستان کو تیل کے کاروبار کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کا فنڈ بھی ایک سال کے دوران فراہم کیا جائے گا-‘
سعودی ترقیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ ’یہ شاہی ہدایات برادر ملک پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں سعودی عرب کے موقف کا پختہ ثبوت ہے- مملکت ہمیشہ کی طرح اب بھی پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے اقدامات کررہی ہے‘۔