تجارتی مراکز میں سماجی فاصلے کے سٹیکر دوبارہ چسپاں
’تمام تجارتی مراکز کو ہدایت ہے کہ گاہکوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ یقینی بنائیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے تمام شہروں میں تجارتی مراکز نے سماجی فاصلے کے سٹیکرز دوبارہ چسپاں کرنا شروع کردیئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے فیصلے کے مطابق سماجی فاصلے کے علاوہ تمام کھلے اور بند مقامات میں ماسک کی پابندی کل سے کی جائے گی۔
فیصلے پر عمل کرتے ہوئے تمام شاپنگ مالز، مارکیٹوں اور دکانوں میں سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے زمین پر سٹیکر چسپاں کرنے کے علاوہ ریستورانوں اور کیفے شاپس میں ٹیبلوں کو ایک دوسرے سے دور کیا جا رہا ہے۔
دوسری طرف وزارت تجارت کے ترجمان عبد الرحمن الحسین نے تمام تجارتی مراکز کو ہدایت کی ہے کہ گاہکوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ یقینی بنائیں۔
ترجمان نے کہاہے کہ ’فیصلے کا نفاذ تمام شاپنگ مالز، بازاروں، دکانوں، ریستورانوں اور کیفے شاپس پر لاگو ہے‘۔