Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام سے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے کارکن تعینات

زائرین کی آسانی کے لیے4000 سے زائد کارکن خدمات پیش کر رہے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ  مکہ مکرمہ  میں گذشتہ روز  منگل کی بارش کے بعد مسجد الحرام میں بارش کےپانی کی نکاسی اور اس کے تمام اثرات دور کر دئیے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت  میں محکمہ شہری دفاع کے کارکنان نے ایک روز قبل عوام سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی تھی جب کہ محکمہ موسمیات کے مرکز نے مملکت کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید طوفانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بارش منگل سے شروع ہو کر جمعرات تک جاری رہے گی۔
مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبوی کے امور کی نگہبان جنرل پریزیڈنسی  کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 200 سے زائد سپروائزرز  کو نگرانی کے لیے تعینات کیا  گیا ہے۔
مملکت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سپروائزر حرمین شریفین میں کام کرنے والے 4000 سے زیادہ کارکنوں کی نگرانی اور مختلف خدمات میں حصہ لیں گے۔
خدمات اور ماحولیاتی تحفظ  و دیگر امور کے انڈر سیکریٹری جنرل محمد الجابری نے  بتایا ہے  کہ مسجد الحرام میں عازمین اور زائرین کو اپنی عبادات میں آسانی سے ادا کرنے میں مدد کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی بارش تھمتی ہے حفاظتی اقدام کو ملحوظ رکھتے ہوئےحرم شریف کے صحن اور داخلی و خارجی راستوں سے بارش کے پانی کی بہت جلد نکاسی کی جا رہی ہے۔

بیرونی صحن اور چھتوں پرصفائی کی 470 مشینیں کام کر رہی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

محمد الجابری نے بتایا ہے کہ حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کی  جانب سے بارش کا پانی موثر طریقے سے  جذب کرنے اور صفائی کے لیے دیگر سامان مہیا کر دیا گیا ہے۔
حرم شریف کے اندرونی و بیرونی صحن اور چھتوں پرصفائی کی 470 مشینیں کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ مزید بارش کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس میں نکاسی کے راستوں کی صفائی کے علاوہ اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ بارش کے پانی کی نکاسی میں کسی جگہ بھی  رکاوٹ نہ پیش آئے۔
 

شیئر: