Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متعدد علاقوں میں بارش، 13 دن تک سردی کی لہر

’نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے جہاں کا رخ کرنا خطرے سے خالی نہیں ہوسکتا‘ (فوٹو: طقس العرب)
سعودی عرب کے متعدد شہروں میں آج فجر کے وقت اور کل رات بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ آج اتوار کو بھی متعدد شہروں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آج ینبع کمشنری میں فجر کے وقت موسلادھار بارش ہوئی جبکہ اس کے تیاری کے لیے محکمہ شہری دفاع اور بلدیہ نے بھر پور تیاری کر رکھی تھی‘۔
محکمہ شہری دفاع نے ینبع کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے جہاں کا رخ کرنا خطرے سے خالی نہیں ہوسکتا‘۔
ادھر ریاض کی متعدد کمشنریوں میں بھی رات کو بارش ہوئی جبکہ حریملا، ثادق، مرات اور سدیر میں سیلابی ریلے کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’ریاض ریجن کی متعدد کمشنریوں میں آج اتوار کو بھی بارش کا امکان ہے‘۔
دوسری طرف ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’آئندہ 13 دن تک سردی کی لہر ہوگی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’کل پیر سے مدینہ منورہ اور شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں واضح کمی محسوس ہوگی جبکہ منگل سے وسطی اور مشرقی ریجنوں میں سردی کی لہر ہوگی‘۔
انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ ’جدہ سمیت مکہ مکرمہ کی متعدد کمشنریوں میں بھی سرد ہوا چلے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سردی کی لہر کے باعث شمالی علاقوں میں درجہ حرارت منفی تک پہنچ جائے گا جبکہ مدینہ منورہ اور مشرقی ریجن میں کم سے کم درجہ حرارت 9 سینٹی گریڈ ہوگا‘۔
مدینہ منورہ ریجن کے متعلق محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ ’آج اتوار کو العلا، العیص، الفقرہ، خیبر اور ینبع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی‘۔

شیئر: