Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلابی ریلے میں شہری ہلاک، بیٹی لاپتہ، بارش کا سلسلہ جاری 

بلقرن کمشنری کے شمال میں واقع دیہی علاقے مرکز شواص میں ایک شہری سیلابی ریلے میں ڈوب گیا جبکہ اس کی بیٹی لاپتہ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتوار کو تیز بارش کے بعد شہری اپنی بیٹی کو سکول سے واپس لا رہا تھا جب اس کی گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔
محکمہ شہری دفاع کی امدادی ٹیموں نے شہری کی لاش کو نکال لیا جبکہ اس کی لاپتہ بیٹی کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ بلقرن میں اتوار کو موسلادھار بارش ہوئی جبکہ کئی دن سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری طرف بلقرن کے دیہی علاقے کے رہائشیوں نے محکمہ تعلیم کو مورد الزام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر یقینی موسم میں سکولوں میں تعلیمی سلسلہ معطل کیوں نہیں کیا گیا۔
رہائشیوں نے کہا ہے کہ ’علاقے میں کئی روز سے موسلادھار بارش جاری ہے جبکہ ہمارے بچوں کو وادیوں سے گزر کر سکول جانا ہوتا ہے‘۔
’ایسے خراب موسم میں محکمہ تعلیم کو چاہیے کہ وہ مقامی سکولوں کی انتظامیہ کو تعطیل کا اختیار دے‘۔
دوسری طرف النماص اور المجاردہ کو جوڑنے والی پہاڑی سڑک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
مذکورہ شاہراہ بند کرنے سے دونوں کمشنریوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’عسیر، جازان، تبوک، ریاض اور مشرقی ریجن میں آج بھی بارش کا امکان ہے‘۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ’جازان، عسیر، نجران، شمالی اور مشرقی ریجن کے علاوہ ریاض میں موسم سرد رہے گا‘۔

شیئر: