امریکہ میں جڑواں بچوں کی پیدائش کا انوکھا واقعہ
بڑے بھائی الفریڈو کا وزن چھ پاؤنڈ اور ایک اونس تھا جبکہ ننھی ایلن پانچ پاؤنڈ اور 14 اونس کی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں 15 منٹ کے وقفے سے پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کی سالگرہ دو مختلف برسوں میں چلی گئی، یعنی ایک کی 2021 میں اور دوسرے کی 2022 میں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق الفریڈو انتونیو ٹرجیلو سالیناس شہر میں نئے سال کی رات 11 بج کر 45 منٹ پر دنیا میں آئے۔
اس کے 15 منٹ بعد نئے سال کے دن ان کی بہن ایلن یولینڈا ٹرجیلو پیدا ہوئیں۔
نیٹیوڈاڈ میڈیکل سینٹر جہاں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی، نے گذشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا کہ کچھ اندازے بتاتے ہیں کہ مختلف برسوں میں جڑواں بچوں کی پیدائش کا 20 لاکھ میں سے ایک امکان ہوتا ہے۔
بچوں کی والدہ فاطمہ میڈریگل نے بیان میں کہا کہ ’یہ میرے لیے پاگل کر دینے والی بات ہے کہ وہ جڑواں ہیں اور ان کی سالگرہ مختلف ہے۔‘
ڈاکٹر اینا ابریل آریاس نے بچوں کی ڈیلیوریوں کو ’اپنے کیریئر کی یادگار ترین ڈیلیوریوں میں سے ایک قرار دیا۔‘
’2021 اور 2022 میں ان ننھے بچوں کو یہاں بحفاظت پہنچنے میں مدد کرنا بے حد خوشی کی بات ہے۔‘
بڑے بھائی الفریڈو کا وزن چھ پاؤنڈ اور ایک اونس تھا جبکہ ننھی ایلن پانچ پاؤنڈ اور 14 اونس کی تھی۔
بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز کا کہنا ہے کہ امریکہ میں ہر سال لگ بھگ ایک لاکھ 20 ہزار جڑواں بچے پیدا ہوتے ہیں۔