Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان سے افغان باشندوں کو غیرقانونی طور پر امریکہ، آسٹریلیا بجھوانے والے 19 ملزمان گرفتار

تفتیشی افسر سب انسپکٹر ثمینہ رئیسانی نے بتایا کہ یہ انسانی سمگلروں کا بڑا گروہ ہے جن کے کوئٹہ اور پنجاب میں ایجنٹس تھے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے افغان باشندوں کو غیر قانونی طور پر امریکہ اور آسٹریلیا بجھوانے والے انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ کے ارکان سمیت 19 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالحمید بھٹو کے مطابق گرفتار ملزمان میں آٹھ ایجنٹس اور ان کے سہولت کار اور 11 افغان باشندے شامل ہیں جن کے خلاف ایف آئی اے کوئٹہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ایجنٹ افغان باشندوں اور ان کے بچوں کو غیر قانونی طریقے سے پاکستان لاکر انہیں دو سے تین ماہ یہاں رکھتے تھے اور پھر انہیں اسلام آباد سے آسٹریلیا اور امریکہ بجھواتے تھے۔
مقدمے کی خاتون تفتیشی افسر سب انسپکٹر ثمینہ رئیسانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ یہ انسانی سمگلروں کا بڑا گروہ ہے جن کے کوئٹہ اور پنجاب میں ایجنٹس تھے۔
انہوں نے بتایا کہ افغان باشندوں سے پنجاب کے شہر قصور میں موجود ایجنٹس کا رابطہ تھا جو انہیں کوئٹہ میں موجود اپنے گروہ کے ارکان کے ذریعے پاکستانی ویزے اور قانونی سفری دستاویزات کے بغیر چاغی کے علاقے برآب چاہ سے کوئٹہ لاتے تھے۔
تفتیشی افسر کے مطابق کوئٹہ میں ملزمان کو ہوٹل میں کچھ عرصہ ریکارڈ کے بغیر رکھا گیا اور اس کے بعد انہیں کچلاک میں ایک کرایے کے مکان میں رکھا گیا جہاں سے انہیں چار گاڑیوں کے ذریعے قصور لے جایا جارہا تھا لیکن ایف آئی اے نے بروقت کارروائی کرکے انسانی اسمگلنگ میں ملوث آٹھ ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا جبکہ قصور میں موجود ایجنٹس کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ قصور میں موجود ایجنٹس نے افغان باشندوں کو بتایا تھا کہ وہ انہیں جعلی گرین کارڈ بناکر آن لائن ویزے کی مدد سے افریقی ملک سینیگال اور پھر وہاں سے میکسیکو، امریکہ یا پھر آسٹریلیا منتقل کریں گے تاکہ وہ وہاں سیاسی پناہ حاصل کرسکیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد بڑی تعداد میں افغان باشندے پاکستان کے راستے غیر قانونی طور پرامریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور یورپی ممالک جانے کی کوشش کررہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کے موبائل فون کے فارنزک سے معلوم ہوا ہے کہ وہ اس سے قبل بھی افغان باشندوں کو غیر قانونی طور پر کوئٹہ اور پنجاب پہنچاچکے ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے بلوچستان کے انسداد انسانی سمگلنگ شعبے نے سال 2021 میں 19 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جو غیرطور پر بیرون ملک جارہے تھے ۔
ان افراد کے خلاف امیگریشن اور انٹی ہیومن ٹریفکنگ کے 836 مقدمات درج کیے گئے اور عدالتوں نے ان پر 10 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے کیے۔
 

شیئر: