غذائی صنعت میں تعلیم یافتہ کارکنوں کی تعیناتی پر غور
کم از کم پانچ کارکن غذائی علوم میں ڈگری ہولڈرز ہوں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے کہا ہے کہ غذائی اشیا تیار کرنے، ذخیرہ کرنے، پیک کرنے یا انہیں درست کرنے والے تمام غذائی اداروں پر یہ پابندی لگائی جا رہی ہے کہ وہ اپنے یہاں پانچ یا اس سے زیادہ کارکن تعلیم یافتہ رکھیں۔
ملازمین غذائی علوم، غذائی صنعت، غذائی ٹیکنالوجی، پیداواری انجینیئرنگ، زرعی علوم اور جانوروں کی میڈیسن وغیرہ کسی ایک مضمون میں ڈگری ہولڈر ہوں۔
الوطن اخبار کے مطابق ایس ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ ہے کہ مملکت میں غذائی اشیا ہر مرحلے میں محفوظ اور ان کا معیار عمدہ ہو۔ کسی بھی قسم کی آلودگی سے پاک ہوں- غذا کے حوالے سے مقرر سٹینڈرڈ پر پوری اترتی ہوں۔
ایس ایف ڈی اے نے توجہ دلائی ہے کہ غذائی اشیا میں سب سے زیادہ خرابی خوراک کے اداروں کے یہاں سے پیدا ہوتی ہے۔ اس کے سدباب کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ غذائی اداروں کے کم از کم پانچ کارکن غذائی علوم میں ڈگری ہولڈرز ہوں۔
ایس ایف ڈی اے نے غذائی اداروں میں کام کرنے والوں کے لیے ایسے ضوابط بھی جاری کیے ہیں جن کی انہیں پابندی کرانا ہوگی۔