جوتوں سے جہاز تک پر ٹرک آرٹ: ’میں بڑا ہو کر ایئر بس بنوں گا‘
جوتوں سے جہاز تک پر ٹرک آرٹ: ’میں بڑا ہو کر ایئر بس بنوں گا‘
اتوار 9 جنوری 2022 14:32
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹرک آرٹ سے مزین جوتوں اور جہاز کی تصاویر نے خوب داد سمیٹی (فوٹو: ٹوئٹر، حیدرعلی)
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رنگوں کی مدد سے جوتوں سے لے کر ہوائی جہاز تک کو ٹرک آرٹ سے سجانے والے حیدرعلی کا کام دیکھنے والا دنگ ہوئے بغیر نہیں رہتا۔
دیوار، قدیم ماڈل کی گاڑی ہو انسانی جسم، حیدرعلی ٹرک آرٹ کی صورت اسے کچھ یوں سجاتے ہیں کہ عام سا منظر بھی بہت خاص ہو جاتا ہے۔ پاکستان میں اپنے فن کا جادو جگانے والے حیدرعلی بیرون ملک جا کر رہائشی ٹرالرز سمیت مختلف مقامات کو ٹرک آرٹ سے سجا چکے ہیں۔
حیدرعلی نے چند روز قبل پہلے ہوائی جہاز اور پھر جوتوں کو ٹرک آرٹ کے ڈیزائن سے سجایا تو پاکستانی اور غیرملکی سوشل میڈیا صارفین نے فیس بک اور ٹوئٹر پر دل کھول کر ان کے فن کو سراہا۔
وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے حیدرعلی کے فن سے متعلق تصاویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اب بھی پاکستانی ٹرک آرٹ کو بہت پسند کرتی ہیں۔
حیدرعلی کے پینٹ کردہ جوتے حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 27 برس قبل پہلی مرتبہ پاکستان گئی تو خیال تھا کہ ہر ٹرک، بس، رکشہ اور موٹرسائیکل منفرد انداز میں اس آرٹ سے مزین ہو گا۔
جمائمہ گولڈ سمتھ کی جانب سے تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد فیگر صارفین نے اپنی پسند کے ٹرک آرٹ سے متعلق تصاویر شیئر کیں تو کئی ایسی بھی تھیں جو دلچسپ جملے سے مزین تھیں۔
مختلف رنگوں سے مزین جوتے کس طرح کے لباس کے ساتھ جچیں گے؟ کا سوال زیربحث آیا تو مائرہ نے خیال ظاہر کیا کہ یہ سفید رنگ کے ڈریس کے ساتھ زیادہ اچھے لکھیں گے۔
ٹرک آرٹ کو پسند کرنے والے جہاں جوتوں اور جہاز سمیت مختلف مقامات پر بکھرے رنگ دیکھ کر حیدرعلی کی تعریف کی وہیں ایک صارف ایسے بھی تھے جنہیں ٹرک آرٹ بےوقوفانہ اور رقم کا ضیاع لگا۔
کراچی میں ایک فلائنگ اکیڈمی کی طرف سے دو سیٹوں والے سیسنا ہوائی جہاز کو اس آرٹ سے سجانے کا اہتمام کیا گیا۔
سکائی ونگز کے سی ای او عمران اسلم خان کے مطابق ’ہم دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی نہیں ہے بلکہ یہ کثیر الجہتی ملک ہے اور یہ مواقع حاصل کرنے کی سرزمین ہے۔‘
حیدرعلی کی مہارت کا اڑتا ثبوت بن جانے والے سیسنا طیارے کے بعد وہ ایک اور جہاز کو بھی ٹرک آرٹ سے مزین کرنا چاہتے ہیں جس کا مقصد پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
جہاز کو پینٹ کرنے والے فنکار حیدر علی نے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’دنیا ہمارے ٹرک آرٹ کو جانتی ہے اور اب اس جہاز کے ذریعے یہ رنگ ہوا میں اُڑیں گے۔ ہم بہت پرجوش ہیں۔‘
اپنے والد سے یہ فن سیکھنے والے 40 برس کے حیدرعلی نے برطانوی خبررساں ادارے روئٹرز سے گفتگو میں بتایا تھا کہ اپنے بچپن سے اس آرٹ کے ساتھ منسلک ہیں اور اب ان کا شمار پاکستان کے مشہور آرٹسٹس میں ہوتا ہے۔ انہیں امید ہے کہ وہ مستقبل میں ایئر بس اور بوئنگ جیسے بڑے جہازوں کو بھی اس آرٹ سے مزین کریں گے۔