نئے ڈی جی کی آمد کے بعد وزیراعظم کا پہلا دورہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر
وزیراعظم کو قومی سلامتی، علاقائی تبدیلیوں بالخصوص افغانستان کی صورت حال کے تناظر میں تفصیلی بریفنگ دی گئی (فائل فوٹو: پی ایم آفس)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اہم وفاقی وزرا کے ہمراہ اسلام آباد میں انٹر سروسز انٹیلی جنس سروسز (آئی ایس آئی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ہے۔
اس دورے کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی جانب سے ڈی جی آئی ایس آئی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم عمران خان کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا یہ پہلا دورہ ہے۔
وزیر اعظم آفس اور آئی ایس پی آر سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر ایک جامع بریفنگ دی گئی جس کے بعد قومی سلامتی، علاقائی تبدیلیوں بالخصوص افغانستان کی صورت حال کے تناظر میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے ملکی سلامتی، استحکام اور خوش حالی میں آئی ایس آئی کی کوششوں کو سراہا اور قومی مفادات کے لیے پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ جب وزیراعظم کے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کے دورے کی ویڈیو یا تصاویر جاری نہیں کی گئیں۔