دونوں ہاتھوں سے بولنگ، آسٹریلوی ٹیم کا حصہ بننے کی خواہش
پیر 17 جنوری 2022 19:38
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
رادھاکرشنا دونوں ہاتھوں سے یکساں مہارت سے بولنگ کرسکتے ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
دونوں ہاتھوں سے بولنگ کرنے والے نوجوان انڈین سپنر نویتھان رادھا کرشنا کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے لیے طویل مدت تک کھیلنے کا ہدف رکھتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز میں ہونے والے انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلین ٹیم کی نمائندگی کرنے والے نویتھن رادھاکرشنا اس لیے شائقین کی خصوصی توجہ کا مرکز ہیں کہ وہ بولنگ کے دوران دائیں ہاتھ کے ساتھ ساتھ بائیں ہاتھ سے بھی بولنگ کرتے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں کرکٹ کھیلتے ہوئے کبھی کسی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
آسٹریلیا میں کرکٹ کیریئر شروع کرنے والے نوجوان کرکٹرز کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ انڈین، پاکستانی یا افغان ہیں تو آپ کو یہ فکر نہیں کرنا چاہیے کہ آپ کہیں اور سے ہیں، صرف اپنے کھیل پو توجہ دیں، یہی کامیابی کا راستہ ہے۔‘
انٹرنیشنل کرکٹ میں جانے کے لیے درکار صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اگر مجھے آج اس سطح پر کھیلنا پڑے تو میں اس کے لیے تیار ہوں۔‘
انڈین ریاست تامل ناڈو میں پیدا ہونے والے 19 سالہ کرکٹر بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہیں جب کہ دائیں ہاتھ سے آف سپن اور بائیں ہاتھ سے سپن بولنگ کرتے ہیں۔
2013 میں 10 برس کی عمر میں اپنے والدین اور بڑے بھائی کے ساتھ سڈنی منتقل ہونے والے انڈین نژاد آسٹریلوی کھلاڑی ویسٹ انڈین لیجنڈ سر گارفیلڈ سوبرز کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہیں۔
انڈیا میں مقامی کرکٹ کھیلنے والے رادھاکرشنا آسٹریلیا کی انڈر 16 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف بھی کھیل چکے ہیں۔