Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمعے اور ہفتے کو پکنک پر نہ جائیں: ماہرین موسمیات کا انتباہ

ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعے اور ہفتے کے دن ریکارڈ سردی ہوگی جس میں درجہ حرارت منفی سے نیچے گر جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے رہائشیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’مذکورہ دنوں میں صحرائی علاقوں کا رخ نہ کریں نہ ہی کھلے مقامات پر پکنک منانے جائیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سردی کی لہر ملک کے شمالی علاقوں سے ربع الخالی صحرا تک کو متاثر کرے گی‘۔
دوسری طرف ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی شروع ہو چکی ہے جبکہ مکہ مکرمہ ریجن میں موسم سردی مائل اور جازان میں اعتدال پر ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سب سے کم درجہ حرارت طریف میں ریکارڈ کیا گیا جہاں رات کو 6 سینٹی گریڈ منفی تھا، القریات میں بھی ریکارڈ سردی رہی جہاں منفی 4 سینٹی گریڈ تھا جبکہ سب سے زیادہ گرمی جازان میں تھی جہاں 27 سینٹی گریڈ تھا۔
ادھر محکمہ شہری دفاع نے شہریوں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ ہیٹر کا محتاط استعمال کریں اور بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں۔

’اللوز پہاڑ سمیت شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جہاں سردی کی لہر وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے‘ ( فوٹو: واس)

محکمے نے کہا ہے کہ ’سونے سے پہلے اور گھر سے نکلنے سے پہلے اس بات کا یقین کرلیں کہ ہیٹر بند ہے‘۔
’ہیٹر کو کھانا پینا گرم کرنے کے لیے استعمال نہ کریں اور اسے ایکسٹینشن وائر کے ذریعہ نہ چلائیں‘۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی ہے‘۔
’اللوز پہاڑ سمیت شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جہاں سردی کی لہر وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ریاض، مدینہ منورہ، جازان، عسیر اور باحہ میں آج درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔

شیئر: