Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سال کا سرد ترین ہفتہ شروع، کون کون سے شہر متاثر ہوں گے؟

ماہرین موسمیات نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں سال کا سرد ترین ہفتہ شروع ہوچکا ہے جس کا بلند ترین نکتہ جمعہ اور ہفتے کے روز دیکھا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہرین نے کہا ہے کہ ’رواں ہفتے کے آخر تک کئی شہروں میں درجہ حرارت نکتہ انجماد تک پہنچ جائے گا‘۔
ماہرین نے کہا ہے کہ ’ریاض، مشرقی ریجن اور شمالی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے جہاں سب سے زیادہ سردی محسوس کی جائے گی‘۔
’مذکورہ علاقوں میں کمی بیشی کے ساتھ جمعرات کو درجہ حرارت 8 سینٹی گریڈ ہوگا مگر جمعہ کے دن ایک سینٹی گریڈ جبکہ ہفتے کو منفی سے گر جائے گا‘۔
دوسری طرف طقس العرب ویب سائٹ  کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب کی فضا میں دو مختلف سرد لہروں کا ملاب ہونے جا رہا ہے‘۔
’ایک سرد لہر یورپ سے آرہی ہے جبکہ دوسری سرد لہر جنوب مشرق سے قطبی آرہی ہے اور ان دونوں کا ملاب ہفتے کے اختتام پر ہوگا‘۔
طقس العرب نے کہا ہے کہ ’دو سرد لہروں کے ملنے سے شمالی علاقے خصوصی طور پر متاثر ہوں گے جبکہ یہ لہر ریاض اور وسطی علاقوں سمیت مشرقی علاقوں اور مدینہ منورہ تک پھیل جائے گی‘۔
’مذکورہ عرصے کے دوران ایسے علاقوں میں ژالہ باری ہوگی جہاں عام طور پر نہیں ہوتی جبکہ شمالی علاقوں میں زیادہ برفباری ہوگی‘۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ’آنے والے 48 گھنٹوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے‘۔
’اس کے باعث سعودی عرب کے وسیع رقبے پر منفی درجہ حرارت کا رجحان ہوگا جبکہ دیگر علاقوں میں زیادہ سردی ہوگی‘۔
ادھر طریف کمشنری میں پیر اور منگل کی درمیانی شب سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’طریف میں کل رات دو منفی درجہ حرارت ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ رواں ہفتے کے اختتام تک یہ 7 منفی تک پہنچ سکتی ہے‘۔
ادھر تبوک سمیت شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جہاں کل رات اور آج صبح  متعدد علاقوں میں بارش بھی ہوئی ہے۔
مدینہ منورہ میں کل رات اور آج صبح دھند چھائی رہی جبکہ کھلے مقامات میں حد نگاہ انتہائی متاثر ہوگئی۔

شیئر: