Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کے شہریوں کے لیے منفرد پھولوں کے فارم کا تفریحی ٹوور

پھولوں کا فارم ریاض سے چالیس منٹ دور واقع ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے باسیوں کو شہر سے دور قدرتی ماحول میں وقت گزارنے کا زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض سے تقریباً چالیس منٹ کی مسافت پر پھولوں اور نمائشی پودوں کی ایک خوبصورت دنیا قائم کی گئی ہے جہاں شہر کے شور و غل اور مشینی زندگی سے دور سکون کے چند لمحے گزارے جا سکتے ہیں۔
معالم نامی ٹوور ایجنسی پھولوں کے اس کھیت کے سیاحتی دوروں کا اہتمام کرتی ہے جہاں آنے والوں کو پھولوں کو لگانے کے طریقوں سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
گزشتہ سال اگست کے مہینے سے 18 سے 20 افراد پر مشتمل گروپ کو ہر جمعے اور سنیچر کے روز فارم کا دورہ کروایا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب میں کاروبار اور مقامی مصنوعات کے فروغ کے لیے صنعتوں کے تفریحی ٹوورز کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔
معالم ٹوور ایجنسی کی بانی حصہ العجاجی نے بتایا کہ سعودی شہریوں اور یہاں آنے والے سیاحوں نے پھولوں کے اتنے بڑے فارم کے بارے میں کبھی سنا ہی نہیں تھا۔ 
’جبکہ یہ سنہ 1991 میں قائم ہوا تھا اور عالمی سطح پر برآمد کرتا تھا۔ لیکن مملکت میں ہی اتنی زیادہ طلب کے بعد مقامی سطح پر کام شروع کر دیا۔‘
حصہ العجاجی کا کہنا تھا کہ انہوں نے لوگوں کو بھی موقع فراہم کرنے کا سوچا کہ وہ نجد کے صحرا میں قائم پھولوں کے اس خوبصورت فارم کا تجربہ حاصل کریں۔

معلم ٹووور ایجنسی فارم کا تفریحی دورہ کرواتی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

انہوں نے مزید کہا کہ وہ مملکت کے مختلف مقامات کا تجربہ حاصل کرنے کے لیے ٹوورز ترتیب دیتی ہیں تاکہ لوگ لطف اندوز ہو سکیں۔
’ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کسی بھی مقام کو اس کی اصلی حالت میں برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کی خواہشات کے مطابق ٹوورز ترتیب دیں۔ ہم بہت احتیاط کرتے ہیں کہ قدرت اور ثقافت کو اپنی اصلی حالت میں محفوظ کیا جائے۔‘
حصہ العجاجی نے مزید کہا کہ ’اگر آپ مجھے یہ بتائیں کہ ریاض میں ایک ایسی جگہ موجود ہے جہاں منفرد پھول اگائے جاتے ہیں تو میں نہیں یقین کروں گی۔‘
دورے کے شرکا کو موقع دیا جاتا ہے کہ وہ فارم کے کچھ حصے کی سیر سائیکل پر بھی کر سکتے ہیں۔ جس کے بعد چھ شیشے کے کمروں کا دورہ کروایا جاتا ہے جہاں کسانوں کو پھولوں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ان سے مختلف طریقے بھی سیکھے جا سکتے ہیں۔
واپسی پر سیاحوں کو تازہ سبزی توڑنے کا موقع بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

شیئر: