افغانستان کو شکست، عربین سی فائٹ ٹائٹل پاکستانی باکسر مظفر خان کے نام
پانچویں راونڈ میں مظفر خان نے احمد سمیر کو ناک آوٹ کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
عربین سی ٹائٹل فائٹ کے زیر اہتمام پاکستان کے باکسر مظفر خان نے افغانستان کے احمد سمیر کو ناک آؤٹ مرحلے میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد میں لیاقت جمنازیم میں دونوں باکسرز کا مقابلہ پانچ راونڈز تک گیا۔
چار راونڈز تک دونوں حریف ایک دوسرے کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے لیکن پانچویں راونڈ میں مظفر خان نے احمد سمیر کو ناک آوٹ کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق دوران میج مظفر خان کو سپورٹ کرنے کے لیے لیجنڈری باکسر حسین شاہ اور ورلڈ باکسنگ کونسل مڈل ایسٹ چیمپئن عثمان وزیر بھی موجود تھے۔
اس سے قبل گذشتہ روز دونوں باکسرز کی وزن کرنے کی تقریب اسلام آباد کے بیسٹ ویسٹرن ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی۔
دوران تقریب پاکستان کے 27 سالہ مظفر خان اور افغانستان کے 28 سالہ احمد سمیر کا آمنا سامنا ہوا۔ دونوں باکسرز کا جذبہ دیدنی تھا اور دونوں ہی فتح کے لیے مکمل فٹ اور پرعزم دکھائی دیے۔
سنیچر کو ہونے والا مقابلہ عربین سی ٹائٹل کی اہم ترین فائٹ تھی۔ دونوں باکسرز لیاقت جمنازیم، اسلام آباد میں سپر ویلٹرویٹ کیٹگری میں آمنے سامنے تھے۔
شائقین کو باکسنگ کا ایک بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملا جس میں پاکستان اور افغانستان کے باکسرز نے اپنی فٹنس اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔