امریکی بحریہ نے خلیجِ عمان سے ایرانی سمگلنگ جہاز پکڑ لیا
اتوار 23 جنوری 2022 17:32
امریکی افواج کو اس کشتی سے 40 ٹن یوریا کھاد ملی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی بحریہ نے کہا ہے کہ انہوں نے خلیج عمان سے ایک ایسی کشتی پکڑی ہے جو دھماکہ خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والی یوریا کھاد لے جا رہی تھی جبکہ برطانوی رائل نیوی نے بتایا ہے کہ انہوں نے انہی سمندری حدود سے ایک ہزار 40 کلوگرام غیرقانونی منشیات ضبط کی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی بحریہ نے ایسی ہی یوریا کھاد گذشتہ برس پکڑی تھی جب اسے یمن سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
یہ خلیج عرب کے پانیوں میں تازہ ترین کارروائیاں تھیں۔ دوسری جانب امریکی اور برطانوی حکام نے یمن کے تنازع اور خطے میں جاری منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے اقدامات میں اضافہ کیا ہے۔
امریکی بحریہ کے مشرق وسطیٰ میں قائم پانچویں بحری بیڑے نے کہا کہ منگل کو اس کے گائیڈڈ میزائل اور نگرانی کرنے والے بحری جہازوں نے ایک کشتی کو روکا اور اس کی تلاشی لی۔ یہ ’شناخت کے بغیر‘ ایک ماہی گیر کشتی تھی جو جنگ سے تباہ حال یمن کے لیے ایران سے ہتھیاروں کی سمگلنگ کے لیے روانہ ہو رہی تھی۔
امریکی افواج کو اس کشتی سے 40 ٹن یوریا کھاد ملی ہے جو گھریلو ساختہ دھماکہ خیز آلات کے ایک اہم جزو کے طور پر معروف ہے۔
حکام نے بتایا کہ اسی کشتی کو اس سے قبل صومالیہ کے ساحل پر قبضے میں لیا گیا تھا اور گذشتہ برس اس میں دیگر ہتھیاروں کے علاوہ ہزاروں اسالٹ رائفلیں اور راکٹ لانچرز لدے ہوئے تھے۔
اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ایسی تکنیکی خصوصیات کے حامل ہتھیار ایران سے حوثی باغیوں کی مدد کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔ بحریہ نے اس ہفتے کے شروع میں بحری جہاز، کارگو اور یمنی عملے کو یمن کے ساحلی محافظوں کے حوالے کر دیا۔
واضح رہے کہ یمن میں چھوٹے ہتھیار بھاری مقدار میں موجود ہیں جو کئی برس سے جاری تنازع کے دوران ملک کی ناقص کنٹرول والی بندرگاہوں کے ذریعے سمگل کیے گئے ہیں۔
2015 سے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی ملک پر کنٹرول کے لیے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد سے لڑ رہے ہیں۔ ایران کا کہنا ہے کہ وہ باغیوں کی سیاسی حمایت کرتا ہے لیکن اس دعوے کے برعکس ثبوتوں کے باوجود انہیں اسلحہ دینے سے انکار وہ کرتا ہے۔
امن کے لیے ثالثی کی بین الاقوامی کوششوں میں تعطل آںے کے دوران گذشتہ ہفتے کے دوران تشدد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ابوظبی پر حوثی باغیوں کی طرف سے ایک مہلک ڈرون حملے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکام نے اتوار کو یہ بھی انکشاف کیا کہ برطانوی رائل نیوز کے جہاز نے 15 جنوری کو خلیج عمان سے گزرنے والی ایک کشتی سے تقریباً 26 ملین ڈالر مالیت کی غیرقانونی منشیات پکڑی تھیں۔
جوائنٹ میری ٹائم ٹاسک فورس نے ایک بیان میں کہا کہ ایچ ایم ایس مونٹروز نے 663 کلو گرام ہیروئن، 87 کلوگرام میتھامفیٹامائن اور 291 کلوگرام چرس اور بھنگ ضبط کی۔