ابوظبی پر دوسرے حملے کے بعد حوثی میزائل لانچر تباہ کردیا:یو اے ای
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اماراتی F-16 طیارے نے یمنی صوبے الجوف میں حوثی میزائل لانچر تباہ کردیا۔
پیر کی صبح امارات کے سرکاری میڈیا نے حوثی میزائل حملے کو ناکام بنانے کی خبر دی۔
ابوظبی میں تباہ کیے گئے میزائل کے ٹکڑے گرنے سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔
وام نیوز ایجنسی پر جاری بیان میں وزارت دفاع نے کہا کہ 'ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور ریاست کو ہر قسم کے حملوں سے بچانے کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔'
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ابوظبی پر ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے ڈرون حملے میں تین افراد مارے گئے تھے جس پر عالمی برادری کا سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔
دنیا بھر میں عام شہریوں کے خلاف حوثیوں کی کاررائیوں کی مذمت کی گئی تھی۔
دوسری جانب پیر کو علی الصبح سعودی عرب کے جنوبی صوبے عیسر کو نشانہ بنانے والے حوثی بیلسٹک میزائل کو تباہ کیا گیا۔
اس کے بعد اتحادی افواج نے الجوف میں حوثیوں کے میزائل لانچنگ پیڈ کو نشانہ بنایا۔
اتوار کو جازان پر حوثی میزائل حملے میں دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔