Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی کے ولی عہد اور مصری صدر کی ملاقات، خطے کے امن پر تبادلہ خیال

باہمی رشتوں کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا(فوٹو وام)
ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے بدھ کو سرکاری مذاکرات کیے ہیں۔
 دونوں ملکوں کے درمیان تعاون، مشترکہ جدوجہد اور گہرے برادرانہ تعلقات نیز تمام شعبوں میں باہمی رشتوں کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ 
اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق تعاون کے دائرے کو وسعت دینے اور دونوں ملکوں اور برادر عوام کے مفادات کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے نئے امکانات، سرمایہ کاری، معاشی و ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ 

مشترکہ جدوجہد کو موثر بنانے سے اتفاق کیا گیا ہے( فوٹو وام)

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی حالات اور عرب دنیا کے  نئے حالات زیر بحث آئے۔ بعض عرب ممالک کو درپیش بحرانوں اور ان کی ترقی و خوشحالی میں حائل رکاوٹوں پر بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے عرب دنیا اور اقوام کی ترقی اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ جدوجہد کو موثر بنانے سے اتفاق کیا ہے۔ 
شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ ’امارات اور مصر کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور مستحکم ہیں۔ دونوں ملک اہم شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے کے آرزو مند ہیں‘۔ 
مصری صدر نے کہا کہ ’حالیہ دورہ امارات دونوں ملکوں کے منفرد گہرے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ہے۔ مصر، امارات کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے حوثیوں کے ہر اقدام کی مذمت کرتا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ امارات دہشت گردانہ سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے جو اقدام بھی کرے گا، مصر کو اپنے ساتھ کھڑا پائے گا‘۔ 
السیسی نے مزید کہا کہ ’دہشت گرد و انتہا پسند تنظیموں اور تشدد کے خلاف جنگ اور بیرونی مداخلت کی سرکوبی مصر کا غیر متزلزل موقف ہے۔ خلیجی ممالک کا امن مصر کے قومی امن کا اٹوٹ حصہ ہے۔ خلیجی ممالک کے امن کو زک پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔ 
فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’علاقائی دخل اندازوں کا مقابلہ کرنے اور خطے کے ملکوں کے درمیان تفرقہ و تقسیم پھیلانے کی سازشوں سے مل کر نمٹتے رہیں گے‘۔ 
شیخ محمد بن زاید نے مصری صدر کے دورہ امارات اور مذاکرات  کے حوالے سے ٹویٹ بھی کیا ہے۔
ابوظبی کے ولی عہد نے کہا کہ ’صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ برادرانہ مستحکم تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بات چیت کرکے خوشی ہوئی ہے‘۔
’خطے کے استحکام اور اقوام کی ترقی و خوشحالی سے تعلق رکھنے والے مسائل پر بھی صدر السیسی سے بات چیت کی ہے‘۔

شیئر: