Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک افغان سرحد پر سہولیات کے لیے کوآرڈینیشن میکنزم کی تشکیل پر اتفاق

مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے افغانستان کا دو روزہ دورہ کیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر منصور احمد خان)
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مشیر قومی سلامتی معید یوسف کے دورہ افغانستان کے دوران پاک افغان سرحد پر کراسنگ پوائنٹس پر سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے اعلیٰ سطح پر رابطے کے لیے طریقہ کار تشکیل دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
اتوار کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 سے 30 کو ہونے والے دو روزہ دورے میں دونوں فریقین نے بارٹر ٹریڈ کے آغاز پر بھی اتفاق کیا ہے جس کے حوالے سے طریقہ کار فوری طور پر طے کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق دورے کا مقصد افغان رہنماؤں کے ساتھ افغانستان میں انسانی ضروریات اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان حکومت کی معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے تجاویز پر بات چیت کرنا ہے۔
ڈاکٹر معید یوسف کے ہمراہ وفد میں افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق اور متعلقہ وزارتوں کے افسران بھی موجود تھے۔
بیان کے مطابق پاکستانی وفد نے افغانستان کو صحت، تعلیم، بینکنگ، کسٹمز، ریلوے، ایوی ایشن اور دیگر شعبوں میں ٹریننگز کی پیشکش کی ہے۔
ڈاکٹر معید یوسف نے افغان قائم مقام وزیراعظم ملا عبدالسلام حنفی اور قائم مقام وزیر خارجہ ملا عامر خان متقی سے ملاقات کے دوران افغانستان میں حالیہ صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے خطے کو منسلک کرنے کے حوالے سے قرغزستان، تاجکستان، افغانستان اور پاکستان کے توانائی کے مشترکہ منصوبے کاسا 1000، ٹیپی گیس پائپ لائن منصوبہ، اور ٹرانز افغان ریل پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان نے دونوں ممالک میں امن اور استحکام قائم کرنے کے عزم پر بھی زور دیا ہے۔

شیئر: