Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں منہدم بستیوں کے سعودی خاندانوں کے لیے مفت رہائش

کچی بستیوں کے رہائشیوں کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے( فوٹو عکاظ)
سعودی حکومت نے جدہ میں کچی بستیوں کو خالی کرانے کے بعد ان کے مکینوں کی مفت رہائش کا بندوبست کیا ہے۔  550 سعودی خاندانوں کو رہائش فراہم کی جا رہی ہے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی حکومت نے ایسے مقامی شہریوں کے لیے مکانات کرائے پر حاصل کیے ہیں جو کچی بستیوں میں سکونت پذیر تھے اور ان کے پاس اپنی رہائش کی ملکیتی دستاویز نہیں تھیں۔ 
سعودی حکومت نے جدہ میں کچی بستیوں کے رہائشیوں کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہی کمیٹی ان بستیوں کے مقامی مکینوں کے لیے مفت رہائش کا بندوبست کررہی ہے۔ 
کمیٹی کا کہنا ہے کہ ’رہائش کے لیے 3 زمرے بنائے گئے ہیں۔ پہلے زمرے میں ان خاندانوں کو رکھا گیا ہے جو سماجی کفالت پر تھے اور وہ کچی آبادی کے مکانات میں رہ رہے تھے‘۔
ان کی درخواست پر  550 سے زیادہ خاندانوں کو رہائش فراہم کی گئی ہے۔ یہ وہ شہری ہیں جن کے مکانات منہدم کردیے گئے، انہیں باقاعدہ مکانات فراہم کیے جائیں گے۔ اس زمرے میں آنے والوں کے لیے 4 ہزار 781 مکانات مختص کیے گئے ہیں جو سال رواں 2022 کے آخر تک تیار ہوجائیں گے۔ 
کمیٹی کا کہنا ہے کہ ’دوسرے زمرے میں کچی بستیوں کے وہ رہائشی ہیں جن کے مکانات منہدم کردیے گئے اور ان کے پاس مکانات کی رجسٹری کے کاغذات موجود ہیں۔ حکومت نے معاوضے کی فراہمی تک ان کے لیے مکانات کرایے پر حاصل کیے ہیں‘۔ 
’ تیسرے زمرے میں ایسے شہری ہیں جو کچی آبادی والے مکانات میں سکونت پذیر تھے۔ ان کا تعلق سماجی کفالت سے نہیں اور نہ ان کے پاس ملکیت کی دستاویزات ہیں۔ ان کا معاملہ زیر غور ہے۔ انہیں فلاحی انجمنوں کے تعاون سے رہائش فراہم کی گئی ہے‘۔ 
کمیٹی کا کہنا ہے’ تینوں زمروں میں آنے والے سعودی شہریوں کے ساتھ باقاعدہ مقررہ ضوابط کے مطابق معاملہ کیا جائے گا۔ ایسے تمام شہریوں کا مسئلہ حل کیا جائے گا جو کچی بستیوں میں رہائش پذیر ہوں گے اور ان کے مکانات منہدم کیے جانے والے ہوں گے‘۔ 
کمیٹی کے مطابق’ اب تک 68 ہزار سے زیادہ  کچی بستیوں کے سعودی مکینوں کو مکانات فراہم کیے جاچکے ہیں۔ انہیں پرانے مکانات سے کرایے کے مکانات میں سامان منتقل کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے جبکہ ان کے کھانے پینے کا بھی انتظام ہے‘۔ 
یاد رہے کہ مقامی شہریوں کی سہولت کے لیے ان سے معاوضے کی آن لائن درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔ معاوضہ ان مکینوں کو دیا جائے گا جن کے پاس مکان کے کاغذات ہوں گے۔ 

شیئر: