Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر کو اہم غیر نیٹو اتحادی کا درجہ دیں گے: امریکی صدر

امریکی صدر جو بائیڈن نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد سے کہا ہے کہ وہ ان کے ملک کو بہت جلد اہم غیر نیٹو اتحادی کا درجہ دیں گے۔
عرب نیوز نے خبر رساں اداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ اوول آفس میں امیر قطر سے ملاقات میں صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ اس حوالے سے امریکی کانگریس کو نوٹیفائی کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
غیر نیٹو اتحادی کا درجہ ایسے ملکوں کو دیا جاتا ہے جو امریکی فوج سے سٹریٹیجک تعلقات رکھتے ہوں۔ 
امیر قطر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں صدر بائیڈن نے بتایا کہ ’قطر ایک اچھا دوست اور قابل بھروسہ پارٹنر ہے۔ اور میں کانگریس کو نوٹیفائی کر رہا ہوں کہ قطر کو اہم غیر نیٹو اتحادی کا درجہ دوں گا جو ہمارے تعلقات کی اہمیت کی عکاسی ہوگی۔‘
قطر اہم غیر نیٹو امریکی اتحادی کا درجہ حاصل کرنے والا 18 واں ملک ہوگا۔ اس فہرست میں آخری ملک برازیل ہے جس کو سنہ 2019 میں یہ سٹیٹس دیا گیا۔ 
نان نیٹو اتحادی کا درجہ ملنے والے ملکوں کو امریکہ سے دفاع، تجارت اور سکیورٹی تعاون ملتا ہے جس میں بعض فوجی سامان کی ترجیحی خریداری کے لیے قرضہ پروگرام میں شامل کیا جانا بھی ہے۔
امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ ’ہم ان بہترین تعلقات سے خوش اور ان پر فخر کرتے ہیں۔ ہم خطے میں امن لانے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔‘
قطر کو دنیا میں قدرتی گیس کا سب سے بڑا سپلائر سمجھا جاتا ہے۔ اور اگر یوکرین تنازع روس کی یورپ کو گیس سپلائی متاثر کرتا ہے تو قطر کی کمپنیاں وہاں اس کی کمی کو پورا کر سکتی ہیں۔

شیئر: