’نااہل قرار دی جانے والی حکومت دنیا میں تیسری پوزیشن پر کیسے پہنچی‘
وزیراعظم کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستان میں معاشی نمو 5.37 فیصد ہونے کی تصدیق کی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بعض عناصر حکومت کو نااہل قرار دیتے ہیں، لیکن نااہل حکومت دنیا کی معیشتوں میں تیسری پوزیشن پر کیسے آ گئی؟
وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی جریدوں میں پاکستانی معیشت پر مثبت تبصروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مستند میگزین اکانومسٹ نے تین سال میں کورونا کے دوران پاکستان کی پالیسیوں کو دنیا کی تین بڑی معیشتوں میں شمار کیا ہے۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان نے بہالپور میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ تنقید جمہوریت کا حسن ہوتی ہے، صحافی اور تجزیہ نگار تنقید ضرور کریں لیکن اس میں توازن رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی معیشت کے حوالے سے بلوم برگ نے دس سال کے لیے پاکستان کی پائیدار معیشت کا تجزیہ کیا ہے، ورلڈ بینک نے معاشی نمو 5.37 فیصد ہونے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنے آخری سال ریکارڈ خسارہ چھوڑ کر اور قرضے لے کر معاشی نمو 5.37 فیصد تک پہنچا سکی، ہم نے خسارہ کم تر رکھ کر یہ ہدف حاصل کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے دنیا پاکستان کے قائدانہ کردار کی معترف ہے، برطانیہ کے وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر پاکستان کے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے کردار کو سراہا، اس کے علاوہ احساس پروگرام کو بھی دنیا سراہ رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں کے نام بھی دنیا کے بڑے میگزینوں میں آئے ہیں تاہم ان کی وجہ شہرت کرپشن اور چوری تھی، بی بی سی نے ان کی کرپشن پر دو ڈاکومنٹریز جاری کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب ورلڈ ریکارڈ میں لکھا جائے گا کہ شہباز شریف کے بیٹے کی شوگر مل کے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 4 ارب روپے کیسے آ گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب ہیلتھ کارڈ پر 400 ارب روپے پنجاب خرچ کر رہا ہے، پاکستان کی تاریخ میں کسی نے بھی صحت کے شعبے میں اتنا پیسہ خرچ نہیں کیا۔
’کوئی سوچ بھی نہہیں سکتا کہ پاکستان میں عوام پر کوئی اتنا پیسہ خرچ کرے گا، خاص طور پر وہ لوگ جن کو کھانسی بھی ہوتی تھی تو وہ سارا ٹبر ملک سے باہر علاج کرنے جاتا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے پہلی مرتبہ ہیلتھ کارڈ متعارف کروایا اور پھر اس منصوبے کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں قومی صحت کارڈ کا بڑا قدم اٹھایا،جہاں جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہاں قومی صحت کارڈ کا اجرا کیا جا رہا ہے۔