ہوا بازی میں جدت: سعودی ایوی ایشن کے اوریکل اور مائیکروسافٹ سے معاہدے
جمعرات 3 فروری 2022 16:49
معاہدوں کا مقصد ہوا بازی کے شعبے کو ٹیکنالوجی کے میدان میں نئے خطوط پر استوار کرنا ہے (فائل فوٹو: شٹر سٹاک)
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن، جس کو گاگا کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، نے ہوا بازی کے مختلف شعبہ جات کو ڈیجیٹل کرنے کے لیے اوریکل اور مائیکروسافٹ کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کرلی ہے۔
عرب نیوز نے سعودی پریس ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مطابق سعودی اتھارٹی نے ریاض میں ہونے والی انٹرنیشنل لیپ 2022 ٹیک کانفرنس کے دوران ابتدائی طور پر کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔
کمپیوٹر سافٹ ویئر کمپنی اوریکل کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے مطابق دونوں پارٹیاں کلاؤڈ انوائرمنٹ کو ڈیجیٹل شکل دینے کے لیے منصوبہ بنانے میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی۔
اسی طرح گاگا اور ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے نئی چیزوں کو متعارف کرنے اور کپیسیٹی بلڈنگ کے لیے ایک ساتھ کام کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
مملکت کے ویژن 2030 کے ضمن میں ہونے والے ان معاہدوں کا مقصد یہ ہے کہ ہوا بازی کے شعبے کو ٹیکنالوجی کے میدان میں نئے خطوط پر استوار کرنا اور ڈیجیٹل شکل دینا ہے۔