Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردو، ہندی اور ملیالم زبانیں سیکھنے والا سعودی نوجوان

ملیالم زبان سیکھنے میں کافی دقت پیش آئی۔ (فوٹو: العربیہ)
سعودی نوجوان عبداللہ المطیری نے جو ’ابو نایف‘ کے  لقب سے معروف ہے۔ برصغیر کی  تین زبانیں سیکھنے کا منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے۔
عبداللہ المطیری نے مملکت میں برصغیر کے تارکین کو عربی زبان سکھانے کے بجائے ان کی زبانیں سیکھ لیں۔ 
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے المطیری نے کہا کہ سوچ یہ ہے کہ زبانیں بولنے، جاننے اور سمجھنے سے اقوام عالم اور مختلف نسلوں کے درمیان تہذیب و ثقافت کا پل تعمیر ہوتا ہے۔
24 سالہ المطیری کا کہنا ہے کہ اقوام عالم کی تہذیبوں کا تعارف کرانے والی کتابوں سے شغف ہے۔ یہیں سے مختلف زبانیں سیکھنے کا شوق ہوا۔‘
 ’16 برس کی عمر میں ہندی زبان میں مہارت حاصل کرلی تھی۔ اسی دوران حیدرآباد دکن سے آنے والے فیملی ڈرائیور نے اردو سکھا دی۔‘
سعودی نوجوان نے بتایا کہ ’اردو سیکھنے کے لیے ایک کتاب خریدی جس میں اردو کی ابجد اور مختلف جملوں کے ترجمے موجود تھے۔ رفتہ رفتہ اردو زبان پر عبور حاصل کرتا چلا گیا۔ اسی دوران یہ بات علم میں آئی کہ سعودی عرب میں بیشتر ورکرز ہندی زبان بولتے ہیں۔ اردو اور ہندی میں بہت زیادہ فرق نہیں ہے۔‘ 
المطیری نے انڈین صوبے کیرلہ کی زبان ملیالم سیکھنے کا چیلنج بھی لیا جسے 35 ملین سے زیادہ افراد بولتے ہیں۔
المطیری کا کہنا ہے کہ’ملیالم اردو اور ہندی سے بالکل مختلف ہے۔ یہ زبان سیکھنے میں بے حد مشکل پیش آئی۔ ملیالم زبان نے تھکا دیا۔‘ 
سعودی نوجوان مملکت آنے والے ورکرز سے بہت زیادہ رابطہ رکھے ہوئے ہے۔
اس کا کہنا ہے کہ ’بریدہ  کی ’الخبیب مارکیٹ‘ سے گزرتے ہوئے ایک ایسا واقعہ پیش آیا۔ جسے کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ ایک انڈین بزرگ کو انڈیا میں موجود اپنے بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنا کہ اب وہ مملکت میں ملازمت جاری نہیں رکھ سکتا کیونکہ اسے کینسر ہوگیا ہے اور وہ مرنے سے قبل وطن آنا چاہتا ہے تاکہ وہ زندگی کے آخری لمحے اپنے ملک میں گھروالوں کے ساتھ گزار سکے۔‘ 
المطیری کا کہنا ہے کہ ’اس انڈین بزرگ کو اپنے ہمراہ ڈنر پر گھر لے گیا اور اس کا ٹیلیفون نمبر لیا۔ اس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔‘
المطیری نے بتایا کہ ’برصغیر کی مزید زبانیں سیکھنے کی کوشش کررہا ہوں۔ خواہش ہے کہ اسے فارسی زبان بھی آجائے۔‘
المطیری سوشل میڈیا پر انڈین کمیونٹی کے ساتھ ہر روز رابطے میں رہتا ہے۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: