Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو نورڈ سٹریم منصوبہ ختم: امریکہ

پریس کانفرنس میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امریکہ اور جرمنی روس کے خلاف ایک پیج پر ہیں (فوٹو: اے پی)
امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے یوکرین پر حملہ کیا تو نورڈ سٹریم گیس پائپ کا منصوبہ ختم کر دیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جو بائیڈن نے جرمن چانسلر اولف سکالز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا کیونکہ مغرب کے اتحادی یورپ میں جنگ نہیں چاہتے۔
وائٹ ہاؤس میں جرمنی کے نئے لیڈر اور چانسلر اولف سکالز کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ یوکرین میں فوجیں داخل ہوتے ہی شٹ ڈاؤن کر دیا جائے گا۔
بائیڈن ایک دہائی پرانے گیس پائپ لائن منصوبے کے طویل عرصے سے مخالف رہے ہیں۔
بائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ اگر روس حملہ کرتا ہے تو نورڈ سٹریم ٹو مزید اہم نہیں رہے گا۔ ہم اس ختم کر دیں گے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ پراجیکٹ کو جرمنی کے کنٹرول میں کیسے دیا جائے گا، اس پر بائیڈن کا کہنا تھا ’میں وعدہ کرتا ہوں، کہ ہم ایسا کر سکتے ہیں۔‘
اس موقع پر سکالز کا کہنا تھا کہ امریکہ اور جرمنی یوکرین کے ایشو، روس اور پابندیوں کے حوالے سے ایک ہی قسم کا موقف رکھتے ہیں تاہم انہوں نے ایک روزہ دورے کے دوران براہ راست نورڈ سٹریم منصوبے کا نام لیتے ہوئے کوئی بات نہیں کی۔

روس نے یوکرین کی سرحد پر ایک لاکھ کے قریب فوجیں جمع کر رکھی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اس وقت یہ سوال بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ آیا 11 ارب ڈالر کے منصوبے پر امریکہ اور جرمنی ایک پیج پر ہیں یا نہیں کیونکہ یہ دو بڑی جمہوریتیں روسی صدر ولادیمر پیوتن پیچھے دھکیلنے کے لیے نیٹو کے اتحاد کی قیادت کر رہی ہیں۔
روس نے یوکرین کی سرحد کے قریب ایک لاکھ فوجیوں کو جمع کر رکھا ہے جبکہ اس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے ارادوں کی بھی تردید کی ہے جبکہ امریکی حکام کا کہنا ہے دنوں میں روس کا حملہ ہو سکتا ہے۔
سکالز کو ملک کے اندر اور باہر شدید تنقید کا سامنا ہے اور ان کو اس قائد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو بحران کے حل کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اگر روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو اس کو اس کی بڑی قیمت چکانا پڑے گی، امریکہ اور جرمنی دونوں یہی موقف رکھتے ہیں۔
انہوں نے انگریزی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اکٹھے رہیں گے، مل کر ردعمل دیں گے اور ہم تمام ضروری اقدامات کریں گے۔‘

جرمنی نورڈ سٹریم منصوبے سے گیس کی نصف ضروریات پوری کر رہا ہے (فوٹو: یو لوگوز)

پائپ لائن کے آغاز سے قبل ہی جرمنی روس کی گیس سے اپنی تقریباً نصف ضروریات پوری کرتا ہے۔ اس کی جانب سے نورڈ سٹریم ٹو کی منظوری کو 2022 کی دوسری شش ماہی تک ملتوی کیا گیا ہے تاہم مکمل طور پر منصوبے کو ختم کرنے سے انکار کیا ہے۔

نورڈ سٹریم منصوبہ کیا ہے؟

یہ ایک گیس پائپ لائن کا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے روس کی گیس براہ راست جرمنی پہنچی ہے، جرمنی توانائی کے لیے کوئلے اور جوہری توانائی کا استعمال کرتا رہا ہے تاہم اب نصف سے زیادہ ضرورت ماحول دوست گیس سے پوری کر رہا ہے۔
اس منصوبے کی بدولت بحیرہ بالٹک سے گزاری گئی اس پائپ لائن کی بدولت گیس براہ راست جرمنی پہنچتی ہے، نورڈ سٹریم کے ذریعے سالانہ 55 ارب کیوبک میٹر گیس جرمنی پہنچتی ہے۔

شیئر: