Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا پابندیاں، احتجاج کرنے والے کینیڈین ٹرک ڈرائیوروں کو ہٹانے کے لیے پولیس کی آمد

احتاج کے باعث امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں (فوٹو: اے پی)
کورونا وائرس اور ویکسین کی پابندیوں کے خلاف کینیڈا اور امریکہ کے درمیان اہم تجارتی راہداری پر مظاہرہ کرنے والے ٹرک ڈرائیوروں کو ہٹانے کی غرض سے پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سنیچر کی علی الصبح پولیس نے احتجاج کے مقام پر پہنچنا شروع کردیا تھا جس کے بعد اکثر مظاہرین وہاں سے ہٹنا شروع ہوگئے۔
مظاہرین نے امریکہ اور کینیڈا کے درمیان مصروف ترین گزرگاہ پر رات گزاری جبکہ حکومت نے رکاوٹیں ختم کرنے کے حوالے سے نیا انتباہ بھی جاری کیا تھا۔
ان رکاوٹوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان اشیا کی ترسیل کا عمل بھی متاثر ہوا ہے اور دونوں طرف آٹو انڈسٹری کو اپنی پیداوار معطل کرنا پڑی۔
پولیس نے ٹویٹ کیا کہ ’ونڈسر پولیس اور اس کے شراکت داروں نے قانون پر عمل درآمد کے لیے (کارروائی) کا آغاز کردیا ہے۔‘
’ہم تمام مظاہرین پر زور دیتے ہیں کہ وہ قانون کے مطابق اور پرامن قدم اٹھائیں۔ پیدل چلنے والوں سے بھی کہا جاتا ہے کہ احتجاج کے باعث متاثرہ علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔‘
مظاہرے میں موجود ایک شخص نے اپنی گاڑی پر ’ٹرمپ 2024‘ پینٹ کر رکھا تھا جو پولیس کے پہنچتے ہی احتجاج کے مقام سے چلا گیا۔
تاہم تین بڑے ٹرکوں اور بیس کے قریب مظاہرین کے باعث ابھی بھی ٹریفک رکی ہوئی ہے جنہوں نے پولیس کے پہنچنے پر کینیڈا کا قومی ترانہ گانا شروع کردیا۔
خیال رہے کہ کینیڈا میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں اور ویکسین لگوانے کے خلاف کئی دنوں سے ٹرک ڈرائیوروں کا احتجاج جاری ہے۔
جمعے کو صوبہ اونٹاریو کے پریمیئر ڈوگ فورڈ نے صوبے میں امیرجنسی نافذ کر دی تھی جس سے ان کی کابینہ کو اختیار مل گیا تھا کہ وہ غیر قانونی طور پر سڑکیں، پل، اور گزرگاہیں لگاتار بند کرنے والوں کے خلاف ایک لاکھ ڈالر جرمانہ اور ایک سال تک کی قید کی سزا سنا سکتے ہیں۔
اسی روز اونٹاریو کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جیفری موراویٹز نے کینیڈا اور امریکہ کی سرحد پر ایماسیڈر پل سے مظاہرین کو ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے۔ چیف جسٹس نے مظاہرین کو شام سات بجے تک کا وقت دیا تھا تاہم ڈیڈ لائن گزرنے کا باوجود رکاوٹیں نہیں ہٹیں۔
ونڈسر پولیس نے فوراً انتباہ جاری کیا کہ گلیاں بلاک کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا اور ان کی گاڑیاں تحویل میں لے لی جائیں گی۔
ایمباسیڈر پل امریکہ اور کینیڈا کے درمیان مصروف ترین راہداری ہے جو دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی 25 فیصد تجارت کا ذریعہ ہے۔

شیئر: