مسجد الحرام آنے والے زائرین میں یومیہ 30 ہزار ماسک تقسیم
مسجد الحرام آنے والے زائرین میں یومیہ 30 ہزار ماسک تقسیم
ہفتہ 12 فروری 2022 20:06
زائرین میں ماسک تقسیم کرنے کےلیے خصوصی انتظامات ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر حرمین)
سعودی عرب میں مسجد الحرام میں گراونڈ سروسز اورماحولیاتی امور کے نگران اعلی محمد مصلح الجابری نے کہا ہے کہ مسجد الحرام آنے والوں میں یومیہ 30 ہزار ماسک تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین میں احتیاطی اقدامات کو اجاگرکرنے کےلیے ’ آپ کی حفاظت آپ کا ماسک‘ کے عنوان سے مہم شروع کی گئی ہے۔
مہم کا مقصد زائرین کو احتیاطی تدابیر کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے انہیں مستقل بنیادوں پرماسک استعمال کرنے کی ہدایت کرنا ہے۔
’ آپ کی حفاظت آپ کا ماسک‘ کے عنوان سے مہم جاری ہے۔( فوٹو ٹوئٹر حرمین)
ادارے کے نگران اعلی نے مزید بتایا کہ مسجد الحرام میں آنے والے زائرین میں ماسک تقسیم کرنے کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مہم کے تحت زائرین میں مفت ماسک تقسیم کرنے کےلیے مسجد الحرام میں اہلکار تعینات ہیں۔
ماسک کی تقسیم کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ اگر کسی کے پاس ماسک خراب ہوجاتا ہے اور اس کے پاس دوسرا ماسک نہ ہوتو اسے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ احتیاطی تقاضے کے تحت ماسک کی فراہمی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
مفت ماسک تقسیم کرنے کےلیے مسجد الحرام میں اہلکار تعینات ہیں( فوٹو ٹوئٹر حرمین)
علاوہ ازیں وزارت حج وعمرہ نے محفوظ عمرہ کےلیے زائرین سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی پھر ہدایت کی ہے۔
ان ایس او پیز میں سماجی فاصلہ، ماسک اور سیناٹائزر کا استعمال، مصحافے سے گریز اور ہاتھ دھونا شامل ہے۔