انڈیا میں شادی کی تقریب کے دوران 13 خواتین کنویں میں گِرنے سے ہلاک
جمعرات 17 فروری 2022 15:03
خواتین اور بچے اپنے گاؤں میں شادی کی رسومات میں شرکت کے لیے اکٹھے ہوئے تھے (فوٹو: اے این آئی)
پولیس کا کہنا ہے کہ شمالی انڈیا میں شادی کی تقریبات کے دوران 13 خواتین اور لڑکیاں ہلاک حادثاتی طور پر کنویں میں گرنے سے ہوگئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریاست اتر پردیش کی پولیس کے سینیئر افسر نے میڈیا کو بتایا کہ بدھ کو خواتین اور لڑکیاں کنویں کو ڈھکنے والے لوہے کے سلیب پر بیٹھی تھیں کہ وہ گرگیا۔
ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ ایس راجا لنگم کے مطابق کنواں کافی پرانا تھا اور اس کو ڈھانپنے والا سلیب، اس پر بیٹھے افراد کا وزن برداشت نہیں کرسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’خواتین اور لڑکیاں نیچے گر کر ملبے تلے دب گئیں۔‘
خواتین اور بچے اپنے گاؤں میں شادی کی رسومات میں شرکت کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثہ ’دل دہلا دینے والا‘ تھا۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’مقامی انتظامیہ ہر ممکن مدد میں شامل ہے۔‘
انڈیا میں شادیوں کی تقریبات کافی بڑی ہوتی ہیں، جن میں مہمانوں کی تعداد کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہ کئی روز تک چلتی ہیں۔
خیال رہے کہ سنہ 2017 میں شمال مغربی ریاست راجستھان میں ایک شادی کی تقریب میں شریک 24 افراد طوفان کے دوران دیوار گرنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔