پی آئی اے کا گلگت بلتستان اور آذربائیجان کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان
جمعہ 18 فروری 2022 13:34
زبیر علی خان، -اردو نیوز
ترجمان کے مطابق ’اسلام آباد کے بعد اب مُلک کے دیگر حصوں سے شمالی علاقہ جات کی پروازیں آپریٹ ہوں گی (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے گلگت بلتستان کے لیے پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ مارچ کے وسط سے لاہور اور کراچی سے آذربائیجان کے دارلحکومت باکو کے لیے بھی براہ راست پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’لاہور اور کراچی سے ہفتہ وار دو پروازیں باکو کے لیے چلائی جائیں گی، ان پروازوں کا آغاز 16 مارچ سے کیا جائے گا۔‘
دوسری جانب پی آئی اے نے ملک کے شمالی علاقوں کے لیے بھی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق 13 مارچ سے لاہور اور کراچی سے گلگت اور سکردو کے لیے پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پی آئی اے نے اسلام آباد کے علاوہ لاہور سے بھی گلگت اور سکردو کے لیے فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا، تاہم موسم کی خرابی کے باعث شمالی علاقہ جات کے لیے فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ’اسلام آباد کے بعد اب مُلک کے دیگر حصوں سے شمالی علاقہ جات کی پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ ابتدائی طور پر لاہور سے گلگت اور سکردو اور کراچی سے سکردو کی پرواوزں کا آغاز کیا جارہا ہے۔‘
ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ ’پروازوں کے آغاز کا مقصد موسم بہتر ہوتے ہی شمالی علاقہ جات کے لیے سیاحت کو فروغ دینا ہے، پی آئی اے کی پروازوں سے ایک لاکھ 81 ہزار روپے سے زائد سیاح سکردو اور گلگت کی سیاحت کے لیے پہنچے تھے۔‘