لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 66 رنز سے شکست دے دی
ہفتہ 19 فروری 2022 16:30
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹد مد مقابل (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے 27 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹد کو 66 رنز سے شکست دے دی۔
سنیچر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والا میچ میں اسلام آبار یونائیٹڈ کی ٹیم 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 131 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان آصف علی 12 رنز بنا کر زمان خان کی گیند پر ڈیوڈ ویزے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
رحمان اللہ گرباز 20 اور مبشر خان چھ رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ محمد وسیم 12 اور اعظم خان 10 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
فہیم اشرف اور مرچنٹ ڈی لینگ دو،دو رنز بنا کر حارث رؤوف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے ڈیوڈ ویزے نے ایک جبکہ راشد خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤوف اور زمان خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے کامران غلام صفر جبکہ فِل سالٹ اور محمد حفیظ دو، دو رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ہیری بروک 49 گیندوں پر 102 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور قلندرز کے سہیل اختر 15 جبکہ ڈیوڈ ویزے 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے ظاہر خان اور لیام ڈاؤسن نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جبکہ فہیم اشرف نے چار اوورز میں 28 رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔
پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی کارکردگی ملتان سلطانز کے علاوہ باقی تمام ٹیموں سے اب تک بہتر رہی ہے۔
لاہور قلندرز نے اب تک نو میچز کھیلے ہیں جن میں سے چھ میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر ہے۔
لاہور قلندر کے مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پی ایس ایل سیون میں مشکلات کا شکار رہی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی اب تک نو میچ کھیلے ہیں جن میں چار میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر ہے۔