بلوچستان کے علاقے کردگاپ میں دو کم عمر چرواہے قتل
پیر 21 فروری 2022 11:22
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
واقعہ مستونگ کی تحصیل کردگاپ میں پیش آیا (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ کی تحصیل کردگاپ میں دو کم عمر چرواہوں کو قتل کر دیا گیا ہے۔
پیر کے روز کردگاپ لیویز کے نائب رسالدار محمد رحیم نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ اتوار کو اسی علاقے سے تعلق رکھنے والے دو کم عمر چرواہے مویشی لے کر قریبی پہاڑ کی طرف گئے تھے۔
جب دونوں شام تک نہ لوٹے تو گھر والے ان کی تلاش شروع کر دی تاہم کوئی سراغ نہ ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیر کی صبح دونوں کی لاشیں ملیں، جن کو گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا اور مویشی بھی غائب تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ نے ناکے لگا کر ملزموں کی تلاش شروع کر دی جبکہ قریبی اضلاع کی پولیس اور لیویز کو بھی اطلاع دی گئی۔
ناکہ بندی کے دوران مستونگ سے ملحقہ ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں رند علی کے مقام پر دو افراد کو گرفتار کیا گیا جو پک اپ گاڑی میں مویشی لے کر جا رہے تھے۔ ان کو مزید کارروائی کے لیے مستونگ منتقل کیا جا رہا ہے۔