Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاب سے متعلق کیس سننے والے جج پر تنقید، انڈین اداکار گرفتار

چیتن کمار آہمسا کنڑ زبان کی متعدد فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ (تصویر: چیتن کمار/فیس بک)
انڈین ریاست کرناٹک میں حجاب پر عائد پابندی کے کیس کی سماعت کرنے والے ایک جج کے بارے میں ٹویٹ کرنے پر کنڑ زبان کی فلموں کے اداکار چیتن کمار آہمسا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انڈین چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق کنڑ زبان کی متعدد بڑی فلموں میں کام کرنے والے اداکار چیتن کمار آہمسا کو بنگلور پولیس نے گرفتار کیا۔
بنگلور کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایم این انوچیتھ نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیتن کمار آہمسا کے خلاف مقدمہ ان کی ایک ٹویٹ کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔
 
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق 16 فروری کو اداکار نے حجاب پر عائد پابندی کے کیس کی سماعت کرنے والے بینچ میں شامل جج جسٹس کرشنا ڈکشٹ پر ایک پرانے ریپ کیس میں دیے گئے ریمارکس کی وجہ سے تنقید کی تھی۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں انڈیا کی ریاست کرناٹک میں طالبات کے سکولوں میں حجاب پہننے پر پابندی کے ردعمل میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جس کے بعد حکومت کو تعلیمی ادارے بھی بند کرنے پڑے تھے۔
اس حوالے سے متعدد طالبات نے کرناٹک کی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ یہ کیس ابھی زیر سماعت ہے۔
اس حوالے سے دو روز قبل انڈیا کے وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ وہ طالب علموں کے سکول میں مذہبی لباس کے بجائے یونیفارم پہننے کے حق میں ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈین وفاقی وزیر داخلہ امِت شاہ نے کہا کہ ان کا حجاب پہننے سے متعلق موقف عدالت کے فیصلے کے بعد تبدیل بھی ہو سکتا ہے۔
وقافی وزیر نے انڈین میڈیا گروپ ’نیٹ ورک 18‘ کو دیے گئے ایک اور انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ حجاب کے معاملے پر عدالتی فیصلہ قبول کریں گے۔
’یہ میرا ذاتی نظریہ ہے کہ ہر مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو سکول کے ضابطہ لباس کو قبول کرنا چاہیے۔‘

شیئر: