Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ میں محمد حفیظ کیوں ٹرینڈ کر رہے ہیں؟

کرکٹ فینز کو توقع تھی کہ لاہور قلندرز کی جانب سے زیادہ بڑا ہدف دیا جائے گا (فوٹو: پی ایس ایل)
لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان پی ایس ایل کے دوسرے ایلیمینیٹر میں قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو شائقین کو توقع تھی کہ ہوم گراؤنڈ پر وہ ایک بڑا ہدف ترتیب دیں گے۔
لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن سے متعلق کرکٹ فینز کی یہ خواہش پوری نہ ہوئی تو صارفین نے اس کی ذمہ داری قلندرز کے بلے بازوں کی سلو بیٹنگ پر ڈال دی۔
سینیئر بلے باز محمد حفیظ خصوصی تنقید کا مرکز بنے تو ان کی بیٹنگ کے انداز پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔ 
محمد حفیظ نے 28 گیندوں پر 28 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چوکا شامل تھا۔
قلندرز کی سلو بیٹنگ کا شکوہ کرنے والے شائقین 26 گیندوں پر 30 رنز بنانے والے کامران غلام اور 18 گیندوں پر 21 رنز بنانے والے سمیت پٹیل سے بھی زیادہ مطمئن دکھائی نہیں دیے۔

ابتدائی وکٹیں جلد گرنے اور اہم بلے بازوں کے زیادہ سکور نہ کر سکنے کی وجہ سے ایک موقع پر خدشہ پیدا ہو چلا تھا کہ لاہور قلندرز اہم میچ میں خاطرخواہ ہدف نہیں دے سکیں گے، تاہم اختتامی مراحل میں غیرملکی کھلاڑی ڈیوڈ ویزے نے تین چھکوں اور ایک چوکے کے ساتھ صرف آٹھ گیندوں پر 28 رنز بنا ڈالے۔
ڈیوڈ ویزے کی جارحانہ بیٹنگ پر جہاں کرکٹ فینز کا قلندرز کی سلو بیٹنگ پر غصہ قدرے کم ہوا وہیں اب تک ٹورنامنٹ ٹرافی جیتنے سے محروم ٹیم مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹیں کھو کر 168 رنز بنا سکی۔
گراؤنڈ میں موجود تماشائی بھی اپنی ٹیم کی پرفارمنس سے زیادہ مطمئن دکھائی نہ دیے تو وہ مختلف طریقوں سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے رہے۔
پاکستان سپر لیگ کے ہینڈل سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ایسا ہی ایک منظر دکھائی دیا جب سٹیڈیم میں موجود ایک تماشائی نے اپنے جذبات کو پوسٹر کی شکل میں بیان کرنے کی کوشش کی۔

شیئر: