Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر کے ذریعے پاسپورٹ کی ’نقل معلومات‘ نہ ہونے پر کیا کریں؟

’جوازات‘ کی ’ابشر‘ سروس میں موجود ’تواصل‘ کے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے ’نقل معلومات‘ کی خدمت حاصل کی جا سکتی ہے۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں سفری پابندیوں کے خاتمے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد سفر کرنا چاہتی ہے۔ اس حوالے سے لوگ سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ سے مختلف سوالات پوچھ رہے ہیں۔
ایک شخص نے ’جوازات‘ کے ٹوئٹر پر دریافت کیا کہ ’پاسپورٹ کی نقل معلومات کے لیے ’ابشر‘ پر تواصل سروس کے ذریعے کارروائی کی جو منظور نہیں ہوئی بلکہ ’جوازات‘ کے ادارے سے رابطہ کرنے کی ہدایت موصول ہوئی، کیا کریں؟‘
اس حوالے سے محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ نے کہا کہ اس کے مرکزی سسٹم میں شہریوں اور یہاں رہنے والے غیر ملکیوں کا مکمل ریکارڈ موجود ہوتا ہے۔
غیر ملکیوں کے اقامہ اور پاسپورٹ کی تفصیلات ’جوازات‘ کے سسٹم میں فیڈ کی جاتی ہیں۔ اقامے یا ایگزٹ ری انٹری اورفائنل ایگزٹ کے لیے کارآمد پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہے۔
پاسپورٹ کی تجدید کے فوری بعد یہ لازمی ہے کہ نئے تجدید شدہ پاسپورٹ کی معلومات کو ’جوازات‘ کے سسٹم میں فیڈ کیا جائے۔ نئے پاسپورٹ کی معلومات ’جوازات‘  کے سسٹم میں فیڈ کرنے کے عمل کو عربی میں ’نقل معلومات‘ کہا جاتا ہے۔
ماضی میں نقل معلومات کے لیے ’جوازات‘ کے دفتر جانا لازمی ہوتا تھا جو کافی دشوار مرحلہ تھا۔ ’جوازات‘ کے ’ابشر‘ اکاونٹ پر نئے پاسپورٹ کی جملہ معلومات فیڈ کرنے کے عمل کو کافی آسان بنایا گیا ہے۔
’جوازات‘ کی ’ابشر‘ سروس میں موجود ’تواصل‘ کے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے ’نقل معلومات‘ کی خدمت حاصل کی جا سکتی ہے۔
’نقل معلومات کی سروس میں عام طور پر ہونے والی غلطی کے سبب ’جوازات‘ کا سسٹم فائل کو مسترد کر دیتا ہے جس کی وجہ سے کارروائی مکمل نہیں ہوسکتی۔‘
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے مطابق ’پاسپورٹ کی تفصیلات ’جوازات‘ کے سسٹم میں فیڈ کرنے کے لیے اس امر کا خاص خیال رکھا جائے کہ پرانے پاسپورٹ ، نئے پاسپورٹ اور اقامہ کی پی ڈی ایف فائل بنائی جائے جو تین ایم بی سے زیادہ نہ ہو۔‘
’بعض افراد کی جانب سے یہ عام طور پر یہ غلطی ہوتی ہے کہ وہ پاسپورٹ کی کاپی اٹیچ کرتے وقت ایک ہی فائل نہیں بناتے بلکہ ہر کاپی کی علیحدہ سے فائل بناتے ہیں۔ اور جیسے ہی اپ لوڈ کرتے ہیں تو پہلے والی فائل ڈیلیٹ ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے فائل مکمل نہیں ہوتی اور سسٹم اسے رد کر دیتا ہے۔‘

جوازات‘ کے مطابق اس کے مرکزی سسٹم میں شہریوں اور یہاں رہنے والے غیر ملکیوں کا مکمل ریکارڈ موجود ہوتا ہے۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)

معاملہ رد ہونے پر کیا کریں؟

نقل معلومات کے لیے ’ابشر‘ سسٹم پر دی گئی درخواست رد ہونے پر درخواست گزار کو چاہیے کہ وہ اپنے قریبی جوازات کے دفتر سے اپائنٹمنٹ حاصل کرے اور اسے پرنٹ کرائے۔
پاسپورٹ کی نقل معلومات کے لیے مخصوص فارم پُر کرنا ضروری ہے جو ’جوازات‘ کی ویب سائٹ پربھی دستیاب ہوتا ہے۔ فارم کے ساتھ پرانا اور نیا پاسپورٹ اور اقامہ کی فوٹو کاپی کے ساتھ ’ابشر‘ پر موصول ہونے والے اعتراض کا پرنٹ بھی حاصل کیا جائے اور اسے درخواست فارم کے ساتھ منسلک کر کے حاصل کیے گئے وقت پر ’جوازات‘ کے دفتر سے رجوع کیا جائے، اور وہاں موجود اہلکار کو تمام اشیا فراہم کی جائیں۔
خیال رہے کہ ’جوازات‘ کے قانون کے مطابق مملکت میں مقیم کارکن اپنے پاسپورٹ کی نقل معلومات اپنے سپانسر کے ذریعے کرائیں گے۔ جبکہ غیر ملکی کارکن اپنے اہل خانہ یا زیر کفالت افراد کے پاسپورٹ کی نقل معلومات خود کرانے کے مجاز ہوتے ہیں۔

شیئر: