Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان کا تھائی لینڈ کے لیے قرآن کے 50 ہزار نسخوں کا تحفہ

دنیا بھر میں قرآن پاک کے 320 ملین سے زائد نسخے تقسیم کئے گئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
کنگ سلمان بن عبدالعزیز  کی جانب سے تھائی لینڈ کو مختلف سائز اور تراجم کے ساتھ قرآن مجید  کے 50,060 نسخے تحفے میں دئیے جائیں گے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق قرآن کریم کے یہ نسخے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں سیاسی اور  اسلامی شخصیات، علمائے کرام اور مبلغین کی موجودگی میں ہونے والی ایک تقریب میں پیش کئے جائیں گے۔

کمپلیکس میں قرآن پاک کی پرنٹنگ 345 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

کنگ فہد قرآن کمپلیکس میں تیار کئے گئے قرآن پاک کے یہ نسخے رمضان المبارک سے قبل  تحفہ کے طور پر سعودی وزارت اسلامی امور پیش کرے گی۔
یہ عمل دنیا بھر کے مسلمانوں تک ماہ مقدس سے قبل  قرآن پاک کے نسخے پہنچانے کی مملکت کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اسلامی امور کے وزیر اور مدینہ منورہ میں قرآن پاک کی طباعت کے کنگ فہد کمپلیکس کے جنرل سپروائزر شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے مقدس کتاب کی طباعت، اشاعت اور تعلیم سے متعلق تمام کاموں کے لیے کوششوں کی مسلسل حمایت پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ کا کہنا ہے کہ مملکت کی جانب سے قرآن پاک کا یہ عظیم تحفہ ایک اعلی پیغام کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے سے بھی ہم آہنگ ہے۔

یہ عظیم تحفہ دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے سے ہم آہنگ ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

کنگ فہد کمپلیکس کے جنرل سپروائزر نے  بتایا کہ مملکت کی جانب سے یہ تحفہ گزشتہ برسوں میں تھائی لینڈ کو بھیجے جانے والے قرآن پاک کے نسخوں  کا تسلسل اور توسیع  ہے۔
کنگ فہد کمپلیکس کے جنرل سپروائزر شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیزنے بتایا ہےکہ کمپلیکس میں اعلیٰ معیار کے ساتھ 76 سے زائد زبانوں میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک کی طباعت کی شرح میں 100 فیصد سے زیادہ اضافہ کیا ہے جو کہ سالانہ 7 ملین نسخوں سے سالانہ 20 ملین نسخوں تک پہنچ چکا ہے۔
الشیخ عبدالطیف نے مزید بتایا ہے کہ گزشتہ سال کے آخر تک کمپلیکس میں قرآن پاک  کی پرنٹنگ 345 ملین نسخوں سے تجاوز کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ مملکت کی جانب سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں قرآن پرنٹنگ کمپلیکس میں تیار کئے گئے 320 ملین سے زائد  قرآن پاک کے نسخے تحفے کے طور پر تقسیم کئے  گئے  ہیں۔
 

شیئر: