Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں کامیڈین شکیل صدیقی کی گاڑی گھر کے باہر سے چوری

رواں سال کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ کے دوران کراچی میں 11 ہزار وارداتیں ہوچکی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے جنوبی صوبے سندھ کے شہر کراچی میں جرائم کی وارداتیں بڑھنے لگی۔ معروف کامیڈین شکیل صدیقی بھی چور لٹیروں سے محفوظ نہ رہے۔ سنیچر کے روز شکیل صدیقی کی کرولا ان کے گاڑی گھر کے باہر سے چوری کرلی گئی۔
تھانہ سرسید کی حدود میں سنیچر کو نامعلوم افراد معروف کامیڈین شکیل صدیقی کی رہائش گاہ کے باہر سے ان کی گاڑی چوری کرکے لے گئے۔ شکیل صدیقی کی جانب سے گاڑی چوری کا مقدمہ درج کراویا گیا ہے جس کے بعد پولیس نے رپورٹ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں جرائم کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پولیس کی جانب جاری کیے اعدادوشمار کے مطابق شہر قائد میں سٹریٹ کرائمز اور چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
رواں ماہ ڈکیتوں کے ہاتھوں صحافی اطہر متین کی موت کے بعد انتظامیہ نے شہر میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے کئی اجلاس منعقد کیے اور پولیس کی نفری کو علاقوں میں گشت بڑھانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ اس کے باوجود جرائم پیشہ افراد شہر میں کھلے عام کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے جاری اعدادوشمار اور دوسرے ذرائع سے جمع کردہ ڈیٹا کے مطابق رواں سال کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ کے دوران کراچی میں 11 ہزار وارداتیں ہوچکی ہیں۔ مزاحمت پر 13 شہریوں کی جان لے لی گئی جبکہ 80 افراد کو زخمی کیا جاچکا ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں سے تین ہزار موبائل فونز بھی چھینے جاچکے ہیں۔

رواں برس کے دوران کراچی میں شہریوں سے تین ہزار موبائل فونز بھی چھینے جاچکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

گذشتہ تین سال کے ریکارڈ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی ڈھائی ماہ میں وارداتوں کے اعدا وشمار تشویش ناک ہیں۔ پولیس کے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق 2019 میں 44 افراد ڈکیتی کی مزاحمت پر مارے گئے تھے جبکہ 282 افراد زخمی ہوئے تھے۔
اس طرح 2020 میں 51 افراد کو مارا گیا اور 332 افراد زخمی کیے گئے جبکہ 2021 میں 72 افراد کی ڈکیتوں نے جان لی اور 445 افراد کو زخمی کیا۔ رواں سال کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ میں اب تک 13 افراد کی جان لی جا چکی ہے اور 80 افراد کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر زخمی کیا گیا ہے۔

شیئر: