رمضان کی تیاریاں، مقام ابراہیم کی صفائی اور تزئین و آرائش
رمضان کی تیاریاں، مقام ابراہیم کی صفائی اور تزئین و آرائش
جمعرات 3 مارچ 2022 5:48
اندرونی حصہ پر سونے کا پانی چڑھایا گیا ہے۔ (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان کی تیاریوں کے لیے مقام ابراہیم کی مکمل صفائی اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق معاون سربراہ انتظامیہ ڈاکٹر سعد المحیمید نے بتایا کہ مسجد الحرام کی انتظامیہ خانہ کعبہ اور مسجد الحرام کی متعدد عمارتوں کی صفائی، تزئین و آرائش اور اصلاح و مرمت کا کام مقررہ پروگرام کے مطابق کرتی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے بین الاقوامی معیار کا اہتمام کیا جاتا ہے اور تمام کام جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سر انجام دیے جاتے ہیں۔
مقام ابراہیم مربع شکل کا ہے۔ اس کے درمیان میں پیغمبر ابراہیم علیہ السلام کے قدموں کے دو بیضوی شکل کے نشان ہیں۔ اس کا رنگ سفید، سیاہ اور زردی مائل ہے۔ عرض، لمبائی اور اونچائی 50 سینٹی میٹر ہے۔
مقام ابراہیم کے گنبد کی تجدید کئی بار ہو چکی ہے۔ آخری شکل میں مقام ابراہیم 1387ھ یعنی 1967 تک برقرار رہا۔ شاہ فیصل بن عبدالعزیز کے دور میں مقام ابراہیم پر نصب گنبد ہٹا کر بلوری گلاس کے کور میں منتقل کر دیا گیا تھا۔
شاہ فہد بن عبدالعزیز کے عہد میں مقام ابراہیم میں ترمیم ہوئی اور اعلیٰ پیتل سے تیار کیا گیا نیا ڈھانچہ بنایا گیا۔ اندرونی حصہ پر سونے کا پانی چڑھایا گیا ہے۔
مقام ابراہیم کا شیشےکا گنبد نما بکس نصف گیند کی شکل کا ہے۔ اس کا وزن 1750 کلو گرام ہے۔ یہ 1.30 میٹر اونچا ہے۔ اس کا قطر نیچے سے 40 سینٹی میٹر ہے۔ ہر طرف سے اس کی موٹائی 20 سینٹی میٹر ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں