’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی مشرق وسطی میں بھی نمائش ہوگی
’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی مشرق وسطی میں بھی نمائش ہوگی
جمعہ 4 مارچ 2022 10:27
فلم کے مرکزی کرداروں نے تفریحی صنعت کو فروغ دینے کے حوالے سے سعودی عرب کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ (فوٹو:عرب نیوز)
پاکستان بھر میں جمعرات کو ریلیز ہونے والی ایکشن فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کو عربی میں بھی سب ٹائٹل کیا گیا ہے تاکہ اسے مشرق وسطی میں بھی ریلیز کیا جا سکے۔ فلم کے ستارے مشرق وسطی میں فلم کی ریلیز کے لیے پُرامید ہیں۔
عرب نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ صںعم سعید نے کہا ہے کہ ‘میں بہت پرجوش ہوں کہ ’عشرت میڈ ان چائنا‘ اگر عربی زبان میں ڈب نہ بھی کی گئی تو اس کے عربی سب ٹائٹلز ضرور ہوں گے اور یہ عرب ممالک کے سینما میں بھی چلے گی تاکہ یہ صرف اردو بولنے والے ناظرین تک محدود نہ رہے بلکہ عربی بولنے والے لوگ بھی اسے دیکھ سکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ اسلام آباد اور ریاض فلموں اور ثقافتی پہلوؤں پر مزید تعاون کریں گے۔‘
سعودی عرب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں کیے گئے اقدامات کے تحت 35 سال کی غیر موجودگی کے بعد 2018 میں فیچر فلموں کی نمائش شروع کی گئی۔
جبکہ دوسری جانب ولی عہد مملکت کی معیشت میں بہتری لانے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔
فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کے مرکزی کرداروں نے تفریحی صنعت کو فروغ دینے کے حوالے سے سعودی عرب کی کاوشوں کو سراہا۔
یہ فلم مشرق وسطی میں کب ریلیز کی جائے گی اس سوال کے جواب میں ہدایت کار محب مرزا نے بتایا کہ ’فلم کے عربی سب ٹائٹل پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔ ہم اس پر کام کر رہے ہیں اور مشرق وسطی فلموں کی ایک بڑی انڈسٹری ہے اس لیے اس فلم کو وہاں ضرور ریلیز کیا جائے گا۔‘
اداکار محب مرزا کا کہنا تھا کہ ’اگر سعودی مارکیٹ میں اب سینما کھل گئے ہیں تو وہ ایسا کر کے ہی اپنی عوام کو آگاہی دے سکتے ہیں۔ میرے خیال میں سعودی شہریوں کے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ سینما گھروں کا تجربہ کرسکیں۔‘
سعودی عرب کی جانب سے آزادنہ اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے اداکاروں کا کہنا تھا کہ پچھلے تین برس میں کانسرٹس اور کئی کامیڈی شوز کے دروازے عوام کے لیے کھولے گئے ہیں۔
پاکستان فلموں اور ٹی وی ڈراموں کے دو طرفہ تبادلے کے ذریعے مملکت کے ساتھ اپنے ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے بھی کام کر رہا ہے۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات کے مطابق مقبول ڈرامہ ’دھوپ کنارے‘ کا عربی زبان میں ترجمہ کروانے کے بعد 2020 میں سعودی عرب میں نشر کیا گیا جبکہ مزید دو کلاسک ڈراموں کی ڈبنگ پر بھی کام جاری ہے۔