سعودی شہری 7سرکاری اداروں سے سب سے زیادہ شاکی
جدہ: سعودی عرب کے شہری 7سرکاری اداروں سے سب سے زیادہ شاکی ہیں۔ الوطن اخبار کے مطابق شہریوں نے ان اداروں کے خلاف انسانی حقوق کمیٹی سے شکایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ شکایتیں وزارت تعلیم سے کی گئی ہیں۔ گزشتہ عرصے کے دوران 70شہریوں نے مختلف مسائل کے باعث وزارت تعلیم کے خلاف شکایات درج کروائی ہیں۔ دوسرے نمبر پر مختلف سرکاری اسپتالوں کے خلاف شکایات موصول ہوئیں۔ کم وبیش44شہریوں نے سرکاری اسپتالوں کے خلاف شکایات درج کروائی ہیں۔ ادارہ صحت تیسرے نمبر پر ہے جس کے خلاف 30شکایات موصول ہوئیں۔ اسی طرح عدالتوں کے خلاف23، میونسپلٹیوں کے خلاف21جبکہ سعودی مالیات اتھارٹی کے خلاف 19شکایات موصول ہوئیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شہری انسانی حقوق کمیٹی میں کسی بھی محکمے اور ادارے کے خلاف شکایت درج کرسکتا ہے۔