Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کی تمام پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ

اسد عمر کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کی ویکسینیشن نہیں ہوئی وہ فوری طور پر کروائیں (فوٹو: این سی او سی)
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے حوالے سے عائد تمام پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں تاہم ویکسینیشن کروانے کی بندش برقرار رہے گی۔
بدھ کو اسد عمر نے ایک ٹویٹ بیان میں کہا ’این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں سوائے ویکسینیشن بندشوں کے‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جن لوگوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی ان کے لیے ضروری ہے کہ ویکسین لگوائیں کیونکہ اسی صورت میں ہی وہ تمام پابندیوں سے بچ پائیں گے۔‘
اسد عمر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہم بیماری کی شرح پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، اگر ضرورت پڑی ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔‘
قبل ازیں بدھ کو اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے تمام پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’70 فیصد افراد کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے، وبا ختم نہیں ہوئی، تاہم ختم ہونے کے قریب ہے۔‘

اسد عمر نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کورونا فری ملک بننے کے قریب ہے اس لیے شادی بیاہ کی تقاریب میں تعداد کی پابندی سمیت اِن ڈور کھانا کھانے سمیت بازاروں کے لیے عائد پابندیاں بھی ہٹا لی گئی ہیں۔
واضح رہے 2019 میں دنیا بھر میں وبا پھوٹنے اور پاکستان میں کیسز سامنے آنے کے بعد حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا جو تقریباً دو ماہ بعد جزوی طور پر ختم کر دیا گیا تھا، اس کے بعد مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤنز بھی لگتے رہے جبکہ دیگر پابندیاں بھی برقرار رہیں جن کو وقتاً فوقتاً سخت اور نرم کیا جاتا رہا۔
وبا سامنے آنے کے بعد کیسز کی شرح پر نظر رکھنے کے لیے حکومت نے این سی او سی نامی ادارہ بھی بنایا تھا۔

شیئر: