ریاض :غیرقانونی طورپررقم جمع کرنے والے 2غیر ملکی گرفتار
جمعرات 17 مارچ 2022 18:37
ملزمان کے قبضے سے 4 لاکھ سے زائد رقم برآمد ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض پولیس نے غیر قانونی طریقے سے رقم جمع کرکے اسے بیرون ملک ارسال کرنے کے الزام میں دو غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقیم دو یمنی شہری نامعلوم ذرائع سے رقمیں جمع کرکے ایک مقامی شہری کے بینک اکاؤنٹ سے بیرون مملکت ارسال کررہے تھے۔
پولیس ترجمان نےمزید کہا کہ یمنی شہری جنوبی ریاض میں دو مکانات کرایے پر لیے ہوئے تھے جنہیں وہ غیر قانونی ترسیل زر کے اڈے کے طور پر استعمال کررہے تھے۔ دونوں کے قبضے سے 4 لاکھ 37 ہزار 891 ریال برآمد ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں کو قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔
یاد رہے کہ سعودی قانون کے بموجب کسی کو بھی وہ مقامی شہری ہو یا مقیم غیرملکی بلا لائسنس کسی سے بھی پیسے جمع کرکے بیرون مملکت ارسال کرنے کی اجازت نہیں۔
علاوہ ازیں انجانے ذرائع سے حاصل کردہ رقم کوئی بھی شہری اپنے نجی یا کمپنی کے اکاؤنٹ سے باہر بھجوانے کا مجاز نہیں۔