موزمبیق میں فوڈ پروجیکٹ اور یمن میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا پروگرام
یہ پروگرام یمن کے آٹھ گورنریٹس میں نافذ کیا جا رہا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نےحال ہی میں موزمبیق کے کابو ڈیلگاڈو صوبے کے شہر پیمبا میں بے گھر اورمتاثرہ لوگوں میں فوڈ پروجیکٹ کا افتتاح کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ تقریب کابو ڈیلگاڈو کے گورنر ویلج توبو،نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے نمائندے ایلیسیٹ مینوئل اور شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی ٹیم کی موجودگی میں ہوئی۔
منصوبے کا مقصد چار ہزار 318 فوڈ باسکٹ تقسیم کرنا ہےجن میں سے ہر ایک کا وزن 64 کلوگرام ہے۔ ان فوڈ باسکٹ میں بنیادی غذائی اشیا جیسے چاول، پھلیاں، وجیٹیبل آئل، چینی اور نمک شامل ہیں اوراس سے 21 ہزار 590 افراد مستفید ہوں گے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کی جانب سے فراہم کی جانے والی ریلیف اور انسانی امداد میں آتا ہے جس کی نمائندگی شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات دنیا کے کئی ممالک میں کرتا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی ٹیم کو یمن کے عدن گورنریٹ میں نوجوان مرد اور خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کے منصوبے کے ایک حصے کے طور پر کئی انتظامی اور تربیتی پروگراموں کی پیشرفت کے بارے میں بتایا گیا۔ یہ منصوبہ آٹھ گورنریٹس میں نافذ کیا جا رہا ہے۔
مینیجرز نے تربیت کے دوران پڑھائے جانے والے نصاب کے معیار،عملی تربیت کے طریقہ کار اور شرکا کے علم حاصل کرنے کے طریقوں کے بارے میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی ٹیم کو اپ ڈیٹ کیا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی ٹیم نے تربیتی پروگراموں اور انہیں لیبر مارکیٹ میں شامل کرکے معاشرے کے نتیجہ خیز رکن بننے میں مدد کرنے کے طریقوں کے بارے میں متعدد ٹرینیز کے تاثرات کو سنا۔
اس پروجیکٹ کا مقصد ایک ہزار 250 نوجوان مرد اور خواتین کو لیبر مارکیٹ میں طلب سے مطابقت رکھنے کے لیے مخصوص شعبوں میں تربیت دے کر پیشہ ورانہ طور پر بااختیار بنانے کے علاوہ انھیں اپنے پروجیکٹ قائم کرنے کے لیے ضروری گرانٹس فراہم کرنا ہے۔