Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور ٹیسٹ: آسٹریلوی ٹیم 391 پر آؤٹ، پاکستان کی پراعتماد بیٹنگ

آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے سب سے زیادہ 91 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے دوسرے دن کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنائے ہیں۔
عبداللہ شفیق 45 اور اظہر علی 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ ابھی 301 رنز کی ٹریل باقی ہے۔
منگل کو قذافی سٹیڈیم میں آسٹریلوی ٹیم کھیل کے دوسرے روز 391 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز لیا لیکن آسٹریلیا کو پہلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور امام 11 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا احوال

قذاقی سٹیڈیم میں تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تھا۔
آسٹریلیا کی طرف سے کیمرون گرین اور الیکس کیری نے 135 رنز کی شراکت داری قائم کی، جس کے بعد پاکستان کے تیز گیند بازوں نے ریورس سوئنگ کی بدولت آسٹریلوی بیٹنگ لائن میں دراڑیں ڈالنا شروع کیا۔
الیکس کیری نعمان علی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ کیمرون گرین 79 کے سکور پر نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 31 وورز میں 58 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 24 اعشاریہ تین اوورز میں 79 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ساجد خان ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اب تک اننگز میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے بلے باز ہیں، انہوں نے 219 گیندوں پر 91 رنز بنائے جبکہ کیمرون گرین 79، الیکس کیری 67، سٹیو سمتھ 59، ٹریوس ہیڈ 26، ڈیورڈ وارنر سات بنا سکے جبکہ مارنس لبوشین کوئی سکور نہ بنا سکے۔
اسی طرح مچل سویپسن نو، نیتھ لائن چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
خیال رہے کہ ٹیسٹ سیریز کے دو ابتدائی میچ ڈرا ہو چکے ہیں۔

شیئر: