Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کے حملے کے باوجود فارمولا ون ریس جدہ میں شیڈول کے مطابق ہو گی

فارمولا ون کے پریکٹس سیشن کے دوران جدہ آئل ڈپو پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ میں ہونے والی فارمولا ون ریس 'جدہ کورنیش سرکٹ' کے منتظمین کا سنیچر کو کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے مملکت پر حملوں کے باوجود فارمولا ون ریس طے شدہ شیڈول کے مطابق ہو گی۔
عرب نیوز کے مطابق فارمولا ون کا ریس سرکٹ آرامکو کے تیل ڈپو سے فقط گیارہ کلومیٹر دوری پر ہے جہاں یمن میں موجود حوثی باغیوں کی جانب سے گذشتہ روز دہشت گردانہ حملہ کیا گیا ہے۔
فارمولا ون ریس میں شرکت کرنے والے 20 ڈرائیوروں نے جمعہ کی رات دیر گئے حفاظتی انتظامات کے بارے میں ہونے والی بات چیت میں حصہ لیا جو رات دو بجے تک جاری رہی۔
بعدازاں انتظامیہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ تمام ٹیموں اور ڈرائیوروں سے بات چیت کے بعد فارمولا ون ریس کی گورننگ باڈی نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عربین گراں پری2022 شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز جمعہ کی شام جدہ میں پیش آنے والے بڑے حادثے پر تمام سٹیک ہولڈرز، سعودی   حکام اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان وسیع  پیمانے پر ہونے والی بات چیت کے بعد اس ایونٹ کے مکمل طور پرمحفوظ ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

کوالیفائنگ سیشن رات 8 بجے سے فلڈ لائٹس میں مکمل کیا جائے گا۔ فوٹو عرب نیوز

فارمولا ون انتظامیہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ  ایونٹ میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ پورے ایونٹ اور مستقبل کے لیے واضح اور تفصیلی بات چیت جاری  رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
سنیچر کے روز سعودی گراں پری فارمولا ون کا  تیسرا اور آخری تربیتی سیشن شام کے وقت مکمل کیا گیا۔
کوالیفائنگ سیشن سنیچر کی رات مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے سے فلڈ لائٹس میں مکمل کیا جائے گا۔
گراں پری میں شامل تین ٹاپ   ڈرائیورز نے کوالیفائنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قواعد کے بارے میں آگاہ کیا۔

 حوثی حملے کے بعد حفاظتی انتظامات انتہائی موثر اور مضبوط ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

قبل ازیں جمعہ کی شام حوثی باغیوں نے جدہ میں آرامکو کے آئل ڈپو پر دہشت گردانہ حملےکا اعتراف کیا تھا جسے سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی نے دشمنی پر مبنی کارروائی قرار دیا تھا۔
جمعہ کی شام فارمولا ون کے ابتدائی پریکٹس سیشن کے دوران ہونے والے اس دہشت گردانہ حملہ کے بعد آرامکو کے آئل ڈپو میں زبردست آگ بھڑک اٹھی تھی۔
فارمولا ون ڈرائیورز کا کہنا ہےکہ  سعودی حکام کی طرف سے مکمل یقین دہانی کے بعد وہ فارمولا ریس میں شامل رہیں گے کیونکہ اس واقعہ کے بعد حفاظتی انتظامات بڑھا دئیے گئے ہیں جو کہ انتہائی موثر اور مضبوط ہیں۔
اس سلسلہ میں ہونے والی میٹنگ کے بعد ڈرائیورز نے میڈیا سے بات نہیں کی تاہم ٹیم کے ذمہ داران نے ریس جاری رکھنے کی تصدیق کی ہے۔
 

شیئر: