اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مغربی کنارے میں تین فلسطینی ہلاک
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند اسرائیلی فورسز کے خلاف حملوں میں ملوث تھے (فوٹو:اے ایف پی)
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ’اسرائیلی فورسز نے سنیچر کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے میں فائرنگ کے تبادلے میں تین فلسطینی عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔‘
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حالیہ کارروائیوں سے مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے دوران تشدد کے واقعات میں اضافے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے چار اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
’فوجیوں پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب انہوں نے شمالی مغربی کنارے پر مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔‘
فلسطینی حملہ آوروں کے ملک بھر میں الگ الگ حملوں میں 11 اسرائیلیوں کی ہلاکت کے بعد حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں عسکریت پسند ایک سیل کے رکن تھے جو اسرائیلی فورسز کے خلاف حالیہ حملوں میں ملوث تھے۔
’عسکریت پسند ایک اور حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جسے سنیچر کو فوج اور انٹیلی جنس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران ناکام بنا دیا گیا۔‘
عینی شاہدین کی سوشل میڈیا پر لائیو ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ فلسطینیوں کا ایک ہجوم اسرائیلی فوجیوں کے انخلاء کے بعد جنین شہر کے قریب جھڑپوں کے مقام کا معائنہ کر رہا ہے۔
فلسطین کے ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے عسکریت پسندوں کی لاشیں قبضے میں لے لی ہیں۔