پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا، پہلا روزہ اتوار کو ہوگا
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ’’سنیچر کو ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا ہے، پہلا روزہ 3 اپریل بروز اتوار ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ’سنیچر کو ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’آج ملک بھر میں مطلع صاف تھا اور اسلام آباد، لاہور، قصور، نارووال، سیالکوٹ، پاکپتن، مظفر گڑھ اور کرک سمیت مختلف مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔‘
مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق مرکزی روہیت ہلال کمیٹی نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ ’یکم شوال 1443 ہجری 3 اپریل بروز اتوار کو ہوگی۔‘
چیئرمین مرکزی روہت ہلال کمیٹی کے مطابق ’یہ بات خوش آئند ہے کہ رواں برس ملک بھر میں رمضان کا آغاز ایک ساتھ ہورہا ہے۔‘
واضح رہے کہ سعودی عرب میں جمعے کو رمضان کا چاند نظر آیا تھا اور آج سنیچر کو مملکت میں پہلا روزہ ہے۔
سعودی عرب کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات، قطر اور مصر میں بھی جمعے کو رمضان کا چاند نظر آگیا تھا۔