مملکت کے مختلف شہروں کی شاہراہوں پر افطار سے قبل ٹریفک کا رش
مملکت کے مختلف شہروں کی شاہراہوں پر افطار سے قبل ٹریفک کا رش
ہفتہ 2 اپریل 2022 22:25
طائف کی معروف شاہراہ ’عکاظ‘ پر افطار سے قبل لوگوں کا ازدحام رہا(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں رمضان کے پہلے روز افطاری سے کچھ دیر قبل مملکت کے مختلف شہروں کی شاہراہوں پرٹریفک کا غیرمعمولی رش دیکھنے میں آیا۔
بعض شہروں میں ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے یونٹس کو تعینات کیا گیا۔
سبق نیوز کے مطابق طائف شہر کی معروف شاہراہ ’عکاظ‘ جہاں اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانیں ہیں پر رمضان کے پہلے روز افطاری سے قبل لوگوں کا ازدحام رہا۔
ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے کےلیے پولیس کے دستے تعینات کیے گئے جس کے بعد صورتحال بہتر ہوسکی۔
واضح رہے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں افطاری خریدنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد عصر کی نماز کے فوری بعد بازاروں کا رخ کرتی ہے خاص کر وہ مقامات جہاں اشیائے خورونوش فروخت کی جاتی ہیں جن میں سموسے، پکوڑے، مشروبات اوردیگر اشیا شامل ہیں۔
خیال رہے ٹریفک پولیس کی جانب سے خود کار چالان سسٹم بھی کام کررہا ہے ایسی کسی بھی گاڑی کا فوری چالان کیا جاتا ہے جوغلط طریقے سے پارک کی گئی ہوتی ہے۔
ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی شاہراہوں پرگشت کرتے رہتے ہیں جو کسی بھی خلاف ورزی پرفوری طور پر گاڑی کے مالک کا چالان کردیتے ہیں۔