الطاف حسین کی تقریر نشر کرنے پر پابندی ہٹانے کی درخواست واپس
ایم کیو ایم لندن نے پاکستان میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے (فوٹو اے ایف پی)
متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کی تقریر نشر کرنے پر پابندی ہٹانے کی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کرنے والے شہری محمد شمس نے منگل کو واپس لے لی۔
محمد شمس نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے نہیں ہے۔
’میں نے یہ درخواست امت کوجوڑنے کے لیے دائر کی تھی، لیکن اسے غلط انداز میں لیا گیا۔ گھر والوں کے کہنے پر یہ درخواست واپس لے رہا ہوں۔‘
یاد رہے کہ دو روز قبل بانی ایم کیو ایم کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔
یہ درخواست شہری محمد شمس کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں پیمرا اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ ’الطاف حسین کسی دہشت گردی میں ملوث نہیں پائے گئے، بحیثیت الطاف حسین کے فالوور مجھے ان کی تقاریر سننے کا آئینی حق ہے، ریاست کے خلاف نعروں پر معافی مانگ چکے ہیں۔‘
دوسری جانب ایم کیو ایم لندن کی جانب سے پاکستان میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔ پہلے مرحلے میں کنور خالد یونس کو سینیئر ڈپٹی کنوینر اور مومن خان مومن ڈپٹی کنوینر کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
بانی ایم کیو ایم نے سپریم کورٹ کو ایک خط بھی لکھا جس میں ان پر لگائی گئی پابندی ہٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 22 اگست 2016 کو الطاف حسین نے ملک مخالف تقریر کی تھی جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے ان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔