Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بائیڈن کے گھر کے باہر دھرنا‘، قرۃ العین بلوچ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کیا کہا؟

گلوکارہ نے ٹویٹ میں عمران خان کی حمایت اور کورٹ کے فیصلے پر تنقید کی تھی (تصویر انسٹاگرام)
پاکستانی ڈارمے ’ہمسفر‘ کے گانے سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کل سے سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو ہیں اور اس کی وجہ ان کا کوئی گانا نہیں بلکہ ان کا سیاسی بیان ہے۔
جمعرات کو سپریم کورٹ کے قومی اسمبلی بحال کرنے اور ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو مسترد کرنے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے قرۃ العین بلوچ نے لکھا ’کیا ہم سب باہر نکل سکتے ہیں اور اس فیصلے کو مسترد کرسکتے ہیں؟‘
امریکہ میں مقیم پاکستانی گلوکارہ نے مزید لکھا کہ ’یہ کیسی جمہوریت ہے جہاں لوگوں کے ووٹوں پر اراکین اسمبلی کو فوقیت حاصل ہے جو اپنا ایمان اور ملک کے عوام کو بیچ دیتے ہیں؟‘
’میں عمران خان کے ساتھ ہوں اپنے لیے اور آپ سب کے لیے۔‘
ان کی اس ٹویٹ کے بعد انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
شہنیلا سکندر نے قرۃ العین بلوچ کو مخاطب کرکے کہا ’ہم آپ کے مزید گانے سننا چاہتے ہیں لیکن سیاسی مشورے نہیں، شکریہ۔‘
ماہر قانون اور ڈیجیٹل رائٹس کی کارکن نگہت داد نے گلوکارہ کی ٹویٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ’پاکستانی سیلیبریٹیز کو کلاسز کی ضرورت ہے جہاں قانونی ماہر انہیں عام زبان میں آئین پڑھائیں۔ بہت ضروری ہے۔‘ 
ایک صارف نے قرۃ العین بلوچ کو بتایا کہ ’امریکہ عمران خان کے خلاف سازش کررہا ہے۔ اپنی خاطر خود کے لیے کھڑے ہوں اور اپنی امریکی شہریت چھوڑدیں۔‘
انس ٹیپو نامی صارف نے قرۃ العین بلوچ کو مخاطب کرکے کہا ’آپ امریکہ میں رہتی ہو ایک کام کرو بائیڈن کے گھر کے باہر دھرنا دے دو۔ اس نے سازش کیسے کی ہمارے کپتان کے خلاف۔‘
لیکن ایسا نہیں کہ صرف ان پر تنقید ہورہی ہے بلکہ کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو گلوکارہ کے کے بیان کی تائید کررہے ہیں۔
عمران جان نامی صارف نے قرۃ العین بلوچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’اس طرح کی خواتین لیڈرز کی پاکستان کو ضرورت ہے۔‘
واضع رہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سنیچر کو کرائی جائے گی۔ اس سے قبل جمعہ کی رات وہ پی ٹی وی پر قوم سے خطاب کریں گے اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

شیئر: